امریکا میں امیگریشن افسر نےعورت کوگولی مار کر ہلاک کردیا

امریکی ریاست منیسوٹا کے شہر منیاپولس میں امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ کے ایک اہلکار کی فائرنگ سے 37 سالہ خاتون ڈرائیور کے ہلاک ہونے کی دل دہلادینے والی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
واقعہ وقت پیش آیا جب شہر میں امیگریشن کے خلاف جاری کارروائیوں کے دوران ایک گاڑی کو روکا گیا۔
وفاقی حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ دفاع میں کی گئی، تاہم منیاپولس کے میئر جیکب فرے نے اس کارروائی کو غیر ضروری اور لاپرواہی قرار دیتے ہوئے امیگریشن حکام کو شہر چھوڑنے کی ہدایت کی ہے۔
پولیس کے مطابق خاتون کو شہر کے جنوبی علاقے میں ایک رہائشی محلے میں سر میں گولی ماری گئی۔ واقعے کے وقت خاتون کا ایک قریبی رشتہ دار بھی موقع پر موجود تھا۔
متوفیہ کی شناخت رینی نِکول میکلن گُڈ کے نام سے ہوئی ہے، جو ایک بچے کی ماں تھیں اور سوشل میڈیا پر خود کو شاعرہ اور مصنفہ کے طور پر متعارف کراتی تھیں۔
عینی شاہدین کی جانب سے بنائی گئی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہیں، جن میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک امیگریشن اہلکار گاڑی کے قریب جاتا ہے اور اسی دوران ایک اور اہلکار فائرنگ کر دیتا ہے۔
فائرنگ کے بعد علاقے میں شدید غم و غصہ پھیل گیا اور سینکڑوں افراد سڑکوں پر نکل آئے۔
