امریکا کا66 عالمی اداروں کی معاونت ختم کرنے کا اعلان

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی اداروں کی 66 تنظیموں سے امریکا کے دستبردار ہونے اور ان کی مالی معاونت ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ یہ ادارے امریکی قومی مفادات کے خلاف کام کر رہے ہیں اور ان پر اخراجات کا کوئی واضح فائدہ نہیں ملتا۔
امریکا اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خواتین اور اقوام متحدہ کے پاپولیشن فنڈ سے بھی علیحدگی اختیار کر رہا ہے، جو دنیا بھر میں صنفی مساوات، خواتین کے بااختیار بنانے، خاندانی منصوبہ بندی اور ماں و بچے کی صحت کے لیے کام کرتے ہیں۔
وائٹ ہاؤس کی فہرست میں ایسے 35 بین الاقوامی ادارے بھی شامل ہیں جو اقوام متحدہ کا حصہ نہیں، جن میں انٹرگورنمنٹل پینل آن کلائمٹ چینج ، انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ فار ڈیموکریسی اینڈ الیکٹورل اسسٹنس اور انٹرنیشنل یونین فار کنزرویشن آف نیچر نمایاں ہیں۔
