امریکہ بھارت ڈیل سے خطے میں طاقت کا توازن بگڑے گا

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے معاملے پر ایران کی حکومت سے رابطے ہیں، وائرس سے نمٹنے کےلیے چین کے اقدامات بہت بہتر ہیں۔ امریکا بھارت ڈیل سے خطے میں طاقت کا توازن خراب ہوگا، بھارت کو پاکستانی افواج کی تیاری پر شک نہیں ہوناچاہئے، جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ امریکا طالبان معاہدے میں وزیرخارجہ شاہ محمود پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
اسلام آباد میں ہفتہ وار نیوز بریفنگ کے دوران دفتر خارجہ کی ترجمان عائشہ فاروقی کا کہنا تھا کہ پاکستان وبا کو روکنے کےلیے ایرانی حکام کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے، پاکستان ان سے اظہار یکجہتی کرتا ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ ہمارے سفارت خانے اور ایران میں دو قونصلیٹس الرٹ ہیں، صورت حال کا بغور جائزہ لے رہے ہیں اور زائرین اور طلبہ سمیت پاکستانی برادری سے رابطہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سفارت خانے میں ہیلپ لائنز قائم کردی گئی ہیں اور قونصلیٹس اس حوالے سے پاکستانی برادری کو ضروری معلومات اور تجاویز فراہم کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کے 2 کیسز پاکستان میں سامنے آچکے ہیں جن میں سے ایک کراچی اور دوسرا وفاقی داراحکومت سے سامنے آیا۔
کراچی میں سامنے آنے والا کورونا وائرس کا کیس حال ہی میں ایران سے واپس آنے والے شخص میں سامنے آیا۔
پاکستان نے ایران سے کورونا وائرس پھیلنے کے خدشے کے پیش نظر ایرا کے ساتھ تفتان سرحد کو بند کردیا ہے جب کہ آج رات 12 بجے کے بعد سے پروازوں کی آمد و رفت پر بھی پابندی عائد کردی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیاں علاقائی امن و سلامتی کےلیے خطرہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے آج بھارت کے ایک اعلیٰ سفارت کار کو طلب کرکے گزشتہ روز کنٹرول لائن کے نیزہ پیر سیکٹر میں بھارتی فوج کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں پر شدید احتجاج کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج کی بلا اشتعال اور اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں مندھار گاؤں کا چالیس سالہ رہائشی شدید زخمی ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج کنٹرول لائن اور ورکنگ باونڈری کے ساتھ شہری آبادی والے علاقوں کو توپخانے، بھاری مارٹر گولوں اور خودکار ہتھیاروں سے مسلسل نشانہ بنارہی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ شہری آبادی کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا قابل مذمت اور انسانی وقار، عالمی انسانی حقوق اور قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ عائشہ فاروقی نے نئی دہلی میں مسلمانوں کے خلاف تشدد اور مسجد کو نظر آتش کرنے کے واقعے پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی قیادت سمیت بین الاقوامی برادری نے بھی اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بھارت کے دورے کے دوران کشمیر کے مسئلے پر ثالثی کا کردار ادا کرنے کی پیشکش کا خیر مقدم کیا۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے دورے کے دوران پاکستان کی کوششوں کو بھی سراہا تھا۔ عائشہ فاروقی کا کہنا تھا کہ امریکا اور بھارت کے درمیان ہونے والے دفاعی معاہدوں بالخصوص نئی دہلی کو جدید ہتھیاروں کی فروخٹ پر پاکستان کو گہری تشویش ہے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت کے دورے کے دوران نئی دہلی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ کشمیر بہت سے لوگوں کےلیے طویل عرصے سے بہت بڑا مسئلہ چلا آرہا ہے اور ‘میں مسئلہ کشمیر پر ثالثی کےلیے تیار ہوں’۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان امریکا اور افغان طالبان کے درمیان امن معاہدوں پر دستخط کا خیر مقدم کرتا ہے۔
انہوں نے اعتماد کا اظہار کیا کہ اس سے انٹرا افغان مذاکرات کے راستے کھلیں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس تاریخی موقع سے افغانستان کی تمام جماعتوں کےلیے افغانستان میں امن و استحکام لانے میں کے مواقع کھلیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اس معاہدے پر دستخط ہونے کی تقریب میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔انہوں نے تصدیق کی کہ چینی صدر شی جن پنگ کی پاکستان کا دورہ طے ہے اور دونوں جانب سے اس دورے کی تاریخ پر کام کیا جارہا ہے۔
