امریکی سینٹکام کی آبنائے ہرمز میں فوجی مشقوں پر ایران کو وارننگ

امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے پاسدارانِ انقلاب کو خبردار کیا ہے کہ وہ کسی بھی اشتعال انگیز سرگرمی سے اجتناب کریں اور آئندہ فوجی مشقوں کے دوران غیر معمولی یا خطرناک اقدامات سے گریز کریں، کیونکہ ایسے رویے کو ہرگز قبول نہیں کیا جائے گا۔

سینٹکام کے مطابق ایرانی پاسدارانِ انقلاب کو اپنی بحری سرگرمیاں مکمل پیشہ ورانہ انداز میں انجام دینی چاہئیں، جن میں حفاظت کے اصولوں اور بین الاقوامی سمندری آمد و رفت کی آزادی کا مکمل خیال رکھا جائے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر امریکی طیارہ بردار جہاز یا دیگر عسکری اثاثوں کے قریب غیر محفوظ مشقیں یا بے قاعدہ کارروائیاں کی گئیں تو امریکا اسے برداشت نہیں کرے گا۔

امریکی فوج نے واضح کیا ہے کہ وہ اپنے اہلکاروں، بحری جہازوں اور فضائی وسائل کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گی اور کسی بھی خطرناک حرکت پر بھرپور ردعمل دیا جا سکتا ہے۔

یہ انتباہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران نے آبنائے ہرمز میں بحری مشقیں کرنے کا اعلان کیا ہے، جو عالمی تجارت کا ایک نہایت حساس اور اہم سمندری راستہ سمجھا جاتا ہے اور جہاں سے روزانہ درجنوں تجارتی جہاز گزرتے ہیں۔

سینٹکام نے مزید کہا ہے کہ کسی بھی قسم کی غیر محفوظ یا اشتعال دلانے والی سرگرمی خطے میں کشیدگی بڑھانے اور تصادم کے خدشات میں اضافے کا سبب بن سکتی ہے۔

Back to top button