امیتابھ، دلیپ اور راج کپور کی ناکام محبتوں کی کہانیاں

ہر انسان پیار اور محبت کا طلبگار ہوتا ہے اور محبت میں مبتلا شخص کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ کسی بھی صورت اپنے محبوب کو حاصل کرکے اپنی محبت کی تکمیل کردے، لیکن ایسی خواہش کی تکمیل ہمیں کہانیوں اور فلموں یا ڈراموں میں ہوتی ذیادہ نظر آتی ہے۔ حقیقی دنیا میں ایسی مثالیں کم ہی ملتی ہیں۔ کئی لوگ تو محبت کا روگ لگا کر یا تو دیوانے ہوجاتے ہیں یا اس کی ناکامی کو دل میں چھپا کر اور حالات سے سمجھوتہ کر کے کسی اور کے ساتھ زندگی گزارنے کا فیصلہ کر لیتے ہیں۔ ایسے ہی کچھ نامور فلمی ستاروں کی محبتوں کی داستان آج ہم آپ کو سنائیں گے-
اداکارہ مدھو بالا اور دلیپ کمار کی محبت کے سفر کا آغاز فلم ترانہ کے سیٹ سے ہوا تھا جس میں ان دونوں نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔ محبت کی یہ کہانی چار سال تک خاموشی کے ساتھ چلتی رہی- مگر پھر مدھو بالا کے والد عطا الرحمن اس کہانی میں ظالم سماج کے روپ میں سامنے آگئے- اس کے بعد بی آر چوپڑا کی فلم ’نیا دور‘ میں بھی یہ دونوں ایک دوسرے کے ساتھ اکٹھے ہوئے۔ اس وقت میں فلم کا معاوضہ مدھو بالا کے والد عطا الرحمن نے تیس ہزار ایڈوانس میں ہی وصول کر لیا تھا مگر جب دس دن کےلیے فلم کی آؤٹ ڈور شوٹنگ کی بات آئی تو انہوں نے اس کی اجازت دینے سے منع کر دیا۔ ان کا خیال تھا کہ اس طرح بی آر چوپڑا دلیپ کمار اور مدھو بالا کا چوری چھپے نکاح کروانا چاہ رہے ہیں- معاملہ عدالت تک پہنچا اور اس فلم کی کاسٹ اور دلیپ کمار کی زندگی دونون سے مدھو بالا علیحدہ ہو گئیں ۔
اس کے بعد مدھو بالا میں زندہ رہنے کی لگن ختم ہوگئی اور اد کی شادی مشہور گلوکار و اداکار کشور کمار کے ساتھ ہوگئی۔ مگر وہ ان کے ساتھ خوشی نہ رہ سکیں اور عالم جوانی میں صرف 36 سال کی عمر میں اس دنیا سے چلی گیئں۔
اداکارہ نرگس نے فلمی کیرئير کا آغاز بطور چائلڈ اسٹار کیا، جب کہ بطور ہیروئن ان کی پہلی فلم آگ تھی- اس کے بعد شری 420 میں ان کی جوڑی راج کپور کے ساتھ دیکھنے والوں میں بہت مقبول ہوئی۔ چھ سال تک اس جوڑی کا رومانس اپنے پورے عروج پر تھا- مگر ان دونوں کی شادی کے بیچ سب سے بڑی رکاوٹ راج کپور کا شادی شدہ ہونا تھا- نرگس کسی صورت بھی دوسری بیوی بننے کو تیار نہ تھیں اور راج کپور اپنی بیوی کو چھوڑنے کو تیار نہ تھے جس کی وجہ سے یہ محبت بھی ادھوری رہ گئی- ان کی آخری اکٹھی فلم چوری چوری تھی جس کے بعد 1959 میں نرگس نے فلم مدر انڈیا میں کام کیا اور ان کی بہترین اداکاری کے سبب ان کاانتخاب آسکر ایوارڈ کےلیے بھی کیا گیا۔ اس فلم کے سیٹ پر ہی ایک سین کی فلم بندی میں جب آگ بری طرح پھیل گئی تھی- اس وقت نرگس کے بیٹے کا کردار ادا کرنے والے سنیل دت نے ان کی جان بچائی جس نے نرگس کو اتنا متاثر کیا کہ انہوں نے سنیل دت سے شادی کا فیصلہ کر لیا-
امیتابھ بچن اور ریکھا کی محبت کا آغاز فلم دو اجنبی کے سیٹ سے ہوا۔ جوں جوں فلم بین اس جوڑی کو آن اسکرین پسند کرتے چلے گئے توں توں ان کے درمیان محبت بھی بری چلا گئی- یہاں تک کہ افواہوں کا بازار گرم ہو گیا کہ دونوں آپس میں شادی کر رہے ہیں۔ یاد رہے کہ تب تک امیتابھ بچن اداکارہ جیا بہادری کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہو چکے تھے۔ دوسری طرف ریکھا نے اپنی بچن سے محبت کو کبھی چھپانے کی کوشش نہیں کی جب کہ امیتابھ کھلے لفظوں میں اس حوالے سے کچھ کہنے سے کتراتے تھے۔
کچھ لوگوں کا تو یہاں تک کہنا ہے کہ ان دونوں نے چھپ کر شادی بھی کرلی تھی مگر امیتابھ نے کبھی اس کا اقرار نہیں کیا۔ تاہم دنیا کی نظروں میں ان دونوں کی محبت ادھوری رہ گئی اور اس کی بڑی وجہ تھی جیا بہادری۔
