اندرون ملک شیڈول پروازیں بحال کرنے کا فیصلہ

سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے اندرون ملک شیڈول اور خصوصی پروازوں کو بحال کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
اس ضمن میں سول ایویشن اتھارٹی (سی اے اے) نے باضابطہ نوٹس جاری کردیا ہے جس کے مطابق اندرون ملک پروازوں پر پابندی کا گزشتہ نوٹس منسوخ کردیا گیا۔
نوٹس کے مطابق تمام خصوصی اور شیڈول پروازوں کو ضوابط پر عمل کرنا ہوگا جب کہ خصوصی طیاروں کو بھی تمام ائیرپورٹس سے آپریٹ کرنے کی اجازت ہوگی۔
سول ایویشن اتھارٹی کے جاری کردہ نوٹس کے مطابق تربت، پنچگور، دالبندین، ژوب، پسنی، موہنجوداڑو، نواب شاہ اور بہاولپور ائیرپورٹ بدستور بند رہیں گے۔
خیال رہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس وبا کے پیشِ نظر اندرون ملک پروازوں کو بند کیا گیا تھا۔
