او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کا 48 واں اجلاس جاری

اسلام آباد میں‌ او آئی سی کا اجلاس جاری ہے، خطے کی بگڑتی صورتحال میں‌ اس اجلاس کو اہم قرار دیا جا رہا ہے، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اجلاس کی صدارت کررہے ہیں، وزیراعظم افتتاحی اجلاس سے خطاب کریں گے۔
او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کی تھیم اتحاد ، انصاف اور ترقی ہے، دوران اجلاس مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورت حال کا جائزہ لیا جائے گا، او آئی سی کے 17ویں غیرمعمولی اجلاس کے فیصلوں کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
او آئی سی میں‌ شریک معزز مہمان 23 مارچ کی یوم پاکستان کی پریڈ میں بھی شرکت کرینگے، چینی وزیر خارجہ وانگ ژی بطور خصوصی مہمان اجلاس میں شریک ہیں۔ او آئی سی غیر رکن ممالک ، اقوام متحدہ ، عرب لیگ اور گلف کوآپریشن کے سینیئر نمائندگان بھی کانفرنس میں شریک ہیں۔
او آئی سی کے فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کیلئے ہر سال اجلاس ہوتا ہے، دنیا بھر کے 57 مسلم ممالک اس کے رکن ہیں، پاکستان ،سعودی عرب، ترکی،افغانستان ، ایران ، انڈونیشیا ،ملائشیا،اردن،کویت ، لبنان ، لیبیا، الجزائر،چاڈ، مصر، یمن،سوڈان ،صومالیہ،فلسطین ،مراکش اور نائیجیریا بنیادی ارکان ہیں۔
اوآئی سی کے 47 اجلاس منعقد ہو چکے ہیں اور پاکستان اس سے پہلے 1970، 1980، 1993 اور 2007 میں چار بار او آئی سی اجلاسوں کی میزبانی کر چکا ہے۔

Back to top button