آزاد کشمیر الیکشن میں کامیابی ، وزیراعظم نے سب کی تعریف کی

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات میں اپوزیشن کی جانب سے دھاندلی کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور کابینہ نے علی امین گنڈا پور اور مراد سعید سمیت دیگر مہم چلانے والوں کی تعریف کی۔اسلام آباد میں کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا کہ آزاد کشمیر کے وزیراعظم ہاؤس میں پریس کانفرنس ہورہی تھی اور وزیراعظم رو رو کر کہہ رہے تھے کہ اب میں ہار گیا ہوں تو الیکشن میں دھاندلی ہوئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آپ کی اپنی حکومت، آپ کا اپنا لگایا ہوا الیکشن کمیشن اور اس کے بعد آپ الیکشن ہار جائیں تو پھر آپ کہیں کہ دھاندلی ہوئی تو اس کا کیا حل ہے۔انہوں نے کہا کہ اسی لیے وزیراعظم ٹیکنالوجی کی طرف بڑھنے کی بات کرتے ہیں، جب سارا عملہ آپ کا لگایا ہوا ہو پھر بھی آپ کو یقین نہیں ہے اور آپ کہہ رہے ہوں دھاندلی ہورہی ہے تو پھر واحد حل یہی ہے کہ ٹیکنالوجی کی طرف بڑھتے ہیں۔
کابینہ اجلاس کے بارے میں انہوں نے کہا کہ کابینہ نے وزیراعظم کو آزاد کشمیر میں کامیابی پر مبارک باد دی، وفاقی کابینہ اور وزیراعظم نے علی امین گنڈا پور، مراد سعید، علی محمد اور شہریار آفریدی سمیت دیگر لوگ جنہوں نے اس مہم میں حصہ لیا اس کی تعریف کی۔
