اپوزیشن اتحاد کا حکومت مخالف ملک گیر مہم چلانے کا اعلان

اپوزیشن اتحاد نے حکومت مخالف اور آئین کی بحالی کےلیے ملک گیر مہم چلانے پر اتفاق کر لیا۔ اس کے علاوہ کراچی اور پنجاب کے شہر فیصل آباد میں جلسوں کے انعقاد کےلیے انتظامیہ کے رویے کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین اور حکومت مخالف 6 جماعتی اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان (ٹی ٹی اے پی) کے صدر محمود خان اچکزئی کی زیر صدارت اسلام آباد میں منعقد اجلاس میں ملکی سیاسی صورت حال سے متعلق اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پاکستان تحریک انصاف کے جنرل سیکریٹری عمر ایوب خان اور پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما اسد قیصر، سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا، بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی مینگل) کے رہنما ساجد ترین اور ثنا اللہ بلوچ، مجلس وحدت مسلمین (ایم ڈبلیو ایم) کے اسد شیرازی اور ترجمان تحریک تحفظ آئین پاکستان اخونزادہ حسین یوسفزئی بھی شریک ہوئے۔

منعقدہ اجلاس میں ملکی سیاسی صورت حال سے متعلق اہم فیصلوں کی منظوری بھی دی گئی، اپوزیشن اتحاد نے آئین کی بحالی کےلیے ملک گیر مہم چلانے کا فیصلہ کیا۔

اجلاس کے دوران لاہور ہائی کورٹ بار کے وکلا پر تشدد اور گرفتاریوں کی زور مذمت کی گئی، پنجاب میں کسانوں کے ساتھ ہونے والے سلوک پر بھی تشویش اور اُن کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کسانوں کی تحریک کا ساتھ دینے کا اعلان کیا گیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ عمر ایوب نے اعلان کیا تھا کہ اپوزیشن کی 6 جماعتیں حکومت کے خلاف ملک گیر تحریک شروع کرنے والی ہیں، جسے تحریک تحفظ آئین پاکستان (ٹی ٹی اے پی) کا نام دیا گیا ہے۔

Back to top button