اپوزیشن نے پلان اے کے ساتھ پلان بی بھی تیار کر لیا

وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے لئے اپوزیشن جماعتوں نے پلان اے کے ساتھ ساتھ پلان بی بھی تیار کر لیا ہے. میڈیا ذرائع کے مطابق اپوزیشن جماعتوں کے پلان اے کے تحت یہ فیصلہ ہوا تھا کہ وزیراعظم کو تحریک عدم اعتماد کے ذریعے اقتدار سے ہٹایا جائے. پلان اے کے مطابق عمران خان پر مسلسل دباؤ بڑھانا اور حکومتی اتحادی جماعتوں اور پی ٹی آئی ممبران اسمبلی کے ساتھ رابطے شامل تھے، اور یہ طے ہوا تھا کہ اس طرح اپوزیشن حکومت پر نفسیاتی دباؤ برقرار رکھے گی.
تاہم اب اپوزیشن کی جانب سے تحریک عدم اعتماد کی ناکامی کی صورت میں پلان بی بھی تیار کیا گیا ہے. بتایا گیا ہے کہ تحریک عدم اعتماد ناکام ہوتی ہے تو پلان بی کا استعمال کیا جائے گا. پلان بی کے تحت عدم اعتماد کی ناکامی کی صورت میں انتہائی کم وقت میں پھر سے اقدام اٹھائے جائیں گے، اور وزیراعظم پر دباو ڈالا جائے گا کہ وہ اعتماد کا ووٹ لیں، جب کہ حکومتی منحرف اراکین کے استعفے دینے کا آپشن بھی پلان بی میں شامل ہے. اپوزیشن جماعتوں کے رہنماوں کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کا کسی صورت بھی عہدہ برقرار نہیں رہے گا. دوسری جانب اپوزیشن جماعتوں کو موجودہ صورت حال کے پیش نظر وزیراعظم کے مستعفی ہونے کی بھی امید ہے.
