اپوزیشن کا مہنگائی کیخلاف مارچ اسلام آباد کی طرف روانہ

مسلم لیگ ن اور جمعیت علمائے اسلام ف کی جانب سے مہنگائی کیخلاف مارچ کے سلسلے میں قافلے اسلام آباد کی طرف روانہ ہونا شروع ہوگئے، لاہور سے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز اور اپوزیشن لیڈر پنجاب حمزہ شہباز کی قیادت میں نکلنے والا قافلہ گوجرانوالہ میں پہلا پڑائو کرے گا۔
مسلم لیگ ن کی جانب سے مریم نواز اور حمزہ شہباز کے لیے خصوصی بم اور بلٹ پروف گاڑیاں تیار کروائی گئی ہیں، مہنگائی مارچ کیخلاف اپوزیشن کے قافلے 28 مارچ کو اسلام آباد پہنچیں گے۔
شہر بھر میں لانگ مارچ کے حوالے سے بینرز لگا دیئے گئے ہیں، شاہدرہ، اسلامپورہ، فیروزپور روڈ، ٹھوکر نیاز بیگ سمیت مختلف مقامات پر لانگ مارچ کے بینرز آویزاں ہیں، مسلم لیگ ن کے رہنما اپنے اپنے حلقوں سے ریلیوں کی صورت میں تین مختلف مقامات پر پہنچیں گے۔ 27 مارچ کو مہنگائی مکاؤ مارچ گوجرانولہ سے اسلام آباد روانہ ہوگا۔
ترجمان مسلم لیگ ن خیبر پختونخوا اختیار ولی خان کے مطابق لانگ مارچ کے لیے مسلم لیگ ن خیبر پختونخوا کا قافلہ 28 مارچ کو پشاور سے روانہ ہوگا، جمعیت علماء اسلام (ف) نے حکومت کے خلاف مہنگائی مارچ کے شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام قافلے 26 مارچ کی شام اسلام آباد میں داخل ہوں گے ۔

Back to top button