اپوزیشن کے جلسوں سے حکومت کو نقصان نہیں فائدہ ہو گا

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) چوں چوں کا مربہ ہے اور یہ اسی طرح کی سیاست کرتے رہے تو عمران خان اگلے انتخابات بھی جیتیں گے۔
حال ہی میں وزیر داخلہ بننے والے شیخ رشید نے اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کہتے ہیں عمران خان سے بات نہیں ہوگی پھر نکالیں اپنے دل کی بات اور بتائيں کس سے بات کرنی ہے؟انہوں نے کہا کہ عمران خان تمام مسائل سے کامیاب ہوکر نکلیں گے اور ملک میں آئین اور قانون کی حکمرانی ہوگی، لوٹ مار اور منی لانڈرنگ کا دور ختم ہوگا۔وفاقی وزیر شیخ رشید نے کہا کہ ہم نے بھی 126 دن دھرنا دیا کچھ نتیجہ نہيں نکلا ، یہ بھی آجائيں اسلام آباد۔
انہوں نے کہا کہ جدید ترین بارڈر منیجمنٹ سسٹم لاؤں گا، غریب لوگوں کو پاسپورٹ کی سہولت فراہم کروں گا اور امیگریشن کے معاملات بہتر بناؤں گا، چاروں صوبوں میں امن و امان بہتر کروں گا۔وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اقتدار کے بھوکے اتوار بازار سجا رہے ہیں، آپ سمجھ رہے ہیں کہ عمران خان جلسے سے جارہا ہے تو یہ ’خیال است محال است‘، عمران خان آپ کے جلسے سے کہیں نہیں جارہے ہیں، کھلی اجازت ہے آپ جلسہ کریں آپ پر کوئی پابندی نہیں، ملتان میں کنٹینرز کا جو مسئلہ پیدا ہوا وہ نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ سیاستدان کال دیتا ہے، گلی گلی دعوت نامے بانٹ کر خوار نہیں ہوتا، یہ سیاستدان دو ماہ سے کوچے کوچے جاکر مہم چلا رہے ہیں، ان کی امیدیں بر نہیں آئیں گی، عمران خان کی کاپی کرنے والے مینارپاکستان کی سیاست سے نیچے جائیں گے۔
شیخ رشید نے الزام عائد کیاکہ آپ اسلام آباد آئیں لیکن جس ماہ کا آپ نے انتخاب کیا ہے وہ سناٹے کی سردی ہے، ملک کی معیشت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جارہی ہے اور یہ ناکام ہوگی، ملک میں انتشار پھیلانے کے لیے فارن انویسٹمنٹ کی جارہی ہے جو لوگ اندر سے انتشار پھیلانا چاہتے ہیں ناکام ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان سے بات نہیں ہوگی تو بتائیں آپ کس سے بات کرنا چاہتے ہیں، عمران خان سے بات نہیں کریں گے تو دل کے اندر کی بات باہر لائیں کس سے بات کرنا چاہتے ہیں؟ آپ صرف اپنی لوٹی ہوئی دولت بچانا اور کیسز سے نجات چاہتے ہیں۔شیخ رشید نے دعویٰ کیا کہ 14، 15 اور 16 دسمبر کو عمران خان کے لیے خوشخبریاں ہیں، حکومت کے لیے بہتری اور اپوزیشن کے لیے ناکامی ہے، کوئی مجھے ٹاسک نہیں دیا گیا مجھے اپنی ذمہ داری کا پتا ہے۔اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ سے متعلق وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ڈی ایم کے رنگ پسٹن بیٹھے ہوئے ہیں، پلگ میں کچرا پھنسا ہے، یہ چوں چوں کا مربہ ہے، یہی اپوزیشن رہی تو اگلے الیکشن میں بھی عمران خان انہیں مات دے گا۔
قبل ازیں وزیراعظم نے وفاقی کابینہ میں بڑی تبدیلیاں کرتے ہوئے کچھ وزرا کے قلمدانوں میں ردو بدل کیا اور شیخ رشید احمد کو وفاقی وزیر داخلہ کا قلمدان سونپ دیا۔آج وفاقی وزیر کے عہدے کا حلف اٹھانے والے ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ کو وفاقی وزیر خزانہ کا قلمدان دیا گیا ہے۔وزیراعظم کے دفتر سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے چند وفاقی وزرا کے قلمدانوں میں تبدیلی کی منظوری دی ہے جن کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔ان کے علاوہ جن وزرا کے قلمدان میں تبدیلیاں کی گئی ہیں ان میں موجودہ وزیر برائے انسداد منشیات اعظم سواتی کو وزیر ریلوے اور موجودہ وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر) اعجاز شاہ کو وزیر انسداد منشیات کا عہدہ تفویض کیا گیا ہے۔
