’اگلی بار ہمیں میراثی اور کنجر بولنے سے پہلے سوچ لیجئے گا‘

پاکستان ٹیلی ویژن کی نامور اداکارہ ثمینہ پیرزادہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ میں لکھا کہ اس مشکل کی گھڑی میں صرف شوبز سے تعلق رکھنے والی شخصیات ہی ہیں جو لوگوں کو مثبت رہنے کا پیغام دے رہی ہیں۔اس لئے اگلی بار انہیں کنجر اور میراثی کہنے سے پہلے ایک بار سوچ لیجئے گا‘۔
ثمینہ پیرزادہ نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ ’اب وقت ہے کہ وہ انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے انٹرٹینرز کی عزت کریں، صرف وہی ہیں جو اس مشکل وقت میں لوگوں کو مثبت رہنے کا پیغام دے رہے ہیں، اگلی بار انہیں کنجر اور میراثی کہنے سے پہلے ایک بار سوچ لیجئے گا‘۔
خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا، جس کے بعد سے شوبز اسٹارز عوام کو اس وائرس سے لڑنے اور اپنی صحت کا خیال رکھنے کا مشورہ دے رہے ہیں۔
لاک ڈاؤن کے دوران بھی پاکستان کے شوبز اسٹارز مداحوں کو گھروں میں رہنے کا مشورہ دے رہے ہیں جبکہ اپنی تصاویر اور ویڈیوز سے انہیں محظوظ بھی کررہے۔کورونا وائرس کے باعث اس وقت لوگ اپنے گھروں تک محدود ہوگئے ہیں، جہاں کئی لوگ گھروں سے دفاتر کا کام کررہے ہیں وہیں متعدد افراد بوریت دور بھگانے کے لیے ٹیلی ویژن کا سہارا لے رہے ہیں۔
جہاں امریکا میں بھی لاک ڈاؤن کے باعث عوام ٹیلی ویژن کی جانب مرکوز ہورہے ہیں اور چینلز کی ریٹنگ میں اضافہ ہورہا ہے وہیں پاکستان میں بھی ماضی کی کامیاب فلمیں اور ڈرامے ٹی وی پر واپسی دیکھی جارہی ہے۔
پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز بڑھنے کا سلسلہ جاری ہے اور ملک میں مزید نئے کیسز سامنے آنے سے تعداد 2 ہزار 39 تک جا پہنچی ہے جبکہ اب تک اس عالمی وبا سے 27 افراد انتقال کرچکے ہیں۔