ایئرپورٹ پر کسی نے ‘دو ٹکے کی عورت’ کہہ کر مخاطب نہیں کہا

ڈرامہ سیریل ’میرے پاس تم ہو‘ نے مقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کیے اور اس ڈرامے کے کئی ڈائیلاگ بھی بہت مشہور ہوئے، جن میں سے ایک ’دو ٹکے کی عورت‘ والا بھی تھا۔یہ فقرہ ڈرامے میں مہوش (عائزہ خان )کو بولا گیا تھا۔ گزشتہ چند دنوں سے سوشل میڈیا پر افواہیں گردش میں تھیں کہ ایئرپورٹ پر حقیقت میں بھی لوگوں نے آئزہ خان کو دیکھ کر انہیں ’دو ٹکے کی عورت‘ کہنا شروع کر دیا تھا۔
حال ہی میں سوشل میڈیا پر اسی ڈائیلاگ کے حوالے سے ایک جعلی پوسٹ گردش کررہی ہے جس کے مطابق احمد بٹ نامی شخص نے ٹوئٹر پر لکھا میں ایئرپورٹ پر تھا اتفاق سے میں نے وہاں عائزہ خان کو بھی دیکھا جو کافی جلدی میں تھیں اور تیز چل رہی تھیں اور ان کے پیچھے ایک شخص چلاتے ہوئے کہہ رہاتھا ’’دو ٹکے کی عورت‘‘۔ مجھے اس شخص کی حرکت پر بہت غصہ آیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس پوسٹ پر عائزہ خان نے ردعمل دیتے ہوئےکہا کہ ان کے ساتھ ایسا کچھ نہیں ہوا اور سوشل میڈیا پر جھوٹی افواہیں پھیلائی جارہی ہیں۔
اداکارہ کے مطابق ‘مطلب کسی نے کہہ دیا اور پوری دنیا نے یقین کرلیا، کیا کوئی ویڈیو یا کوئی اور ثبوت موجود ہے؟’
عائزہ خان کا کہنا تھا کہ ‘لوگ مجھ سے پاگلوں کی طرح محبت کرتے ہیں، میں اللہ کا جتنا شکر ادا کروں کم ہے، اتنی عزت اور پیار مجھے مہوش بن کر ملا ہے، لوگ اس کے بارے میں بات کیوں نہیں کرتے’۔ انہوں نے مزید کہا کہ ‘حقیقت یہ ہے کہ ایسا کچھ نہیں ہوا، مجھے حیرانی ہے کہ بلاگرز اور ویب سائٹس مجھ سے پوچھے بغیر اس قسم کی خبریں کیوں شائع کررہی ہیں؟ یہ جھوٹی خبر ہے’۔
عائزہ کے مطابق ‘میں ایک بات واضح کردوں، میں ایک اداکار ہوں، میں منفرد کردار نبھاتی ہوں اور میں مستقبل میں بھی ایسا کرتی رہوں گی، مجھے اپنے مداحوں سے بےحد پیار ملا ہے’۔ انہوں نے واضح کیا کہ مہوش بننے کا انہیں بہت زیادہ فائدہ ہوا۔
