ایران سے بغیر پابندیوں والی گیس خریدنا چاہتے ہیں

وفاقی وزیر پیٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک کا کہنا ہے کہ ہم سالانہ 18 ارب ڈالر سے زائد توانائی کی درآمدات میں لگا رہے ہیں پاکستان بھی ترکیہ اور عراق کی طرح ایران سے پابندیوں کے بغیر والی گیس خریدنا چاہتا ہے۔
وفاقی وزیر مصدق ملک کا کہنا تھا کہ توانائی کی مناسب قیمت پر بلا تعطل فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، حکومت توانائی کی فراہمی بڑھانے کی کوشش کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سالانہ 18 ارب ڈالر سے زائد توانائی کی درآمدات میں لگا رہا ہے، حکومت ملک میں تیل و گیس کی تلاش کا کام تیز کررہی ہے، پاکستان میں تیل و گیس کی تلاش میں سرمایہ کاری کو انتہائی آسان بنا دیا گیا ہے، تیل و گیس کی تلاش کےلیے معلومات اور اجازت ناموں کو ڈیجیٹلائز کردیا گیا۔
وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ وسطی ایشیاء کی گیس گوادر میں ایل این جی میں منتقل کرکے دنیا بھر میں فروخت کی جاسکتی ہے، ایران سے ترکیہ اور عراق کی طرح پابندیوں کے بغیر والی گیس خریدنا چاہتے ہیں، ایران سے پابندیوں کا مسئلہ حل کرنے کےلیے کوشش بھی کررہے ہیں۔
