ایران سے واپس جانیوالے پاکستانی ایڈوائزری پرعمل کریں، سفیر مدثر ٹیپو

ایران میں پاکستان کے سفیر مدثر ٹیپو نے ایران  میں  مقیم  پاکستانی شہریوں کو  وزارت  خارجہ کی جانب  سے جاری کردہ ایڈوائزری  پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

مدثر ٹیپو کانجی ٹی وی سے گفتگو میں کہنا تھا کہ موجودہ حالات کے پیش نظر شہری غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں اور سفارتخانے سے مسلسل رابطے میں رہیں۔

سفیر پاکستان مدثر ٹیپو کے مطابق ایران میں وائیفائی سروس ڈاؤن ہے جبکہ ٹیلی فون کا نظام بھی متاثر ہوا ہے۔

تاہم انہوں نے واضح کیا کہ ایرانی شہروں میں واقع پاکستانی سفارتخانے اور قونصلیٹس کی لینڈ لائنز بحال ہیں اور پاکستانی شہری کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ان نمبرز  پر  رابطہ کرسکتے ہیں۔

مدثر ٹیپو  نے بذریعہ سڑک پاکستان واپس جانے کے خواہشمند شہریوں کو ہدایت کی کہ بارڈر بند ہونے کے وقت سے کم از کم چار گھنٹے قبل سرحد پر پہنچ جائیں۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ واپسی کے وقت پاسپورٹ پر امیگریشن اسٹیمپ لگوانا ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ بعد میں کسی قانونی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

پاکستان واپس آنےکے خواہشمند طلبہ کے حوالے سے سفیر پاکستان نےکہا کہ طلبہ باضابطہ  طریقہ کار مکمل کرکے روانہ ہوں اور  اپنی متعلقہ یونیورسٹی سےکلیئرنس سرٹیفکیٹ ضرور حاصل کریں۔

انہوں نے بتایا کہ سفارتخانہ ایرانی بارڈر اتھارٹیز کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے تاکہ پاکستانی شہریوں اور طلبہ کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جاسکے۔

 

 

Back to top button