ایران میں قتل و غارت ہوئی تو امریکا مداخلت کرے گا، صدر ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا ایران کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور اگر ایران میں لوگوں کو قتل کیا گیا تو امریکا مداخلت کرے گا۔
ایک بیان میں صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایرانی حکومت نے برسوں تک اپنے عوام کے ساتھ ناروا سلوک کیا اور آج ایرانی حکومت کو اپنے ہی عوام کی جانب سے ردعمل کا سامنا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ امریکا ایران کی صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے اور اگر وہاں لوگوں کو قتل کیا گیا تو امریکا مداخلت کرے گا، تاہم اس کا یہ مطلب نہیں کہ ایران میں فوج اتاری جائے گی۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ اس وقت ایران شدید مشکلات سے دوچار ہے اور ان کے خیال میں ایران کے بعض شہروں پر عوام کا کنٹرول قائم ہو چکا ہے۔
امریکی صدر نے ایک بار پھر پاک بھارت جنگ کا ذکر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ انہوں نے پاکستان اور بھارت سمیت 8 جنگیں رکوائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک بھارت جنگ کے دوران 8 طیارے مار گرائے گئے اور پاکستانی وزیراعظم نے کہا کہ صدر ٹرمپ نے ایک کروڑ (10 ملین) جانیں بچائیں۔
