ایران میں نوبیل انعام یافتہ نرگس محمدی کو 6 سال قید کی سزا

ایران کی عدالت نے نوبیل امن انعام یافتہ سماجی کارکن نرگس محمدی کو 6 سال قید کی سزا سنا دی۔

نرگس محمدی کے وکیل کا بتانا ہے کہ انہیں جرائم کے ارتکاب کے لیے اجتماع اور سہولت کاری کے الزام میں 6 سال قید کی سزا دی گئی ہے جبکہ ملک چھوڑنے پر 2 سال کی پابندی بھی عائد کی گئی ہے۔

وکیل نے بتایا کہ عدالت نے انہیں پروپیگنڈا  کے الزام میں مزید ڈیڑھ سال قید کی سزا سنائی ہے، جبکہ دو سال کے لیے مشرقی صوبے جنوبی خراسان کے شہر خوسف میں جلاوطنی کا حکم بھی دیا گیا ہے۔

ایرانی قانون کے تحت مختلف مقدمات میں دی گئی سزائیں بیک وقت نافذ ہوتی ہیں۔

وکیل نے امید ظاہر کی ہے کہ نرگس محمدی کی خراب صحت کے پیش نظر انہیں علاج کے لیے عارضی طور پر ضمانت پر رہا کیا جا سکتا ہے۔

53سالہ نرگس محمدی گزشتہ 25 برسوں سے سزائے موت کے خلاف مہم اور خواتین کے لیے لازمی حجاب کے قانون پر تنقید کے باعث بار بار مقدمات کا سامنا کرتی رہی ہیں اور جیل بھی جاچکی ہیں۔

ایران میں سزائے موت کے خلاف ان کی مہم کے اعتراف میں نرگس محمدی کو 2023 میں امن کا نوبیل انعام دیا گیا تھا۔ اس وقت وہ جیل میں تھیں اس لیے ان کی جانب سے یہ انعام ان کے بچوں نے وصول کیا تھا۔

 

Back to top button