ایران نے متحدہ عرب امارات میں امریکی اڈوں کو نشانہ بنانے کی نئی دھمکی دیدی

ایران نے متحدہ عرب امارات میں امریکی فوجی اڈوں اور دیگر حساس تنصیبات کو نشانہ بنانے کی نئی دھمکی دے دی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق ایرانی فوجی ترجمان نے متحدہ عرب امارات میں امریکی فوجی اڈوں اور دیگر حساس تنصیبات کو نشانہ بنانے کی نئی دھمکی دیتے ہوئے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ ممکنہ خطرے والے علاقوں، بندرگاہوں اور امریکی تنصیبات سے دور رہیں۔
خیال رہے کہ یہ دھمکی ایران کے کھارگ جزیرے پر امریکی حملوں کے بعد سامنے آئی، جن میں امریکہ نے تقریباً 90 فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا تھا۔ ایران کا کہنا ہے کہ حملوں میں اتنی تباہی نہیں ہوئی جتنی دعویٰ کیا جا رہا ہے، تاہم اب وہ مزید خطرناک اور تباہ کن ہتھیار استعمال کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ ایران کا دعویٰ ہے کہ جوابی کارروائی میں وہ امارات میں موجود انہی امریکی اہداف کو نشانہ بنائے گا۔
دوسری جانب متحدہ عرب امارات نے ایران کے الزامات کو مسترد کیا ہے اور کہا ہے کہ امارات کی سرزمین سے ایران پر حملہ نہیں کیا گیا۔ اماراتی سفارتی مشیر کے مطابق ایرانی دعوے غیر منطقی ہیں اور جزیرے پر حملہ یو اے ای سے نہیں کیا گیا۔
امریکا آبنائے ہرمز کھلوانے کیلئے چین سے بھیک مانگ رہا ہے، ایرانی وزیر خارجہ کا دعویٰ
ادھر ایران نے فجیرہ پورٹ پر ڈرون حملہ بھی کیا جس کے بعد بندرگاہ پر بعض آئل لوڈنگ آپریشن عارضی طور پر معطل ہو گئے اور آگ لگ گئی۔ اماراتی حکام کے مطابق فضائی دفاعی نظام نے 9 بیلسٹک میزائل اور 33 ڈرون تباہ کر دیے، جس سے حملے کا نقصان محدود رہا۔
