ایشوریا رائے اور ان کی بیٹی کرونا کو شکست دینے میں کامیاب

بولی وڈ اداکارہ ایشوریا رائے بچن اور ان کی بیٹی ارادھیا بچن کی جانب سے کورونا وائرس سے ہونے والی کووڈ 19 کو شکست دینے کے بعد ہسپتال سے گھر جانے کی اجازت دے دی گئی۔
خیال رہے کہ 11 جولائی کو ایشوریا رائے کے سسر اور بولی وڈ کے میگا اسٹار امیتابھ بچن اور ان کے شوہر ابھیشیک بچن میں کووڈ 19 کی تشخیص ہوئی تھی اور وہ ممبئی کے ناناوتی ہسپتال میں داخل ہوگئے تھے۔امیتابھ اور ابھیشیک بچن میں کورونا کی تصدیق کے ایک دن بعد 12 جولائی کو ایشوریا رائے سمیت بچن خاندان کے دیگر افراد کے کورونا ٹیسٹ کے نتائج میں ایشوریا رائے اور ان کی بیٹی ارادھیا بچن کے کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آئے۔
شروع میں دونوں نے گھر میں ہی قرنطینہ اختیار کیا تھا مگر 18 جولائی کو ایشوریا رائے اور ان کی بیٹی ارادھیا بھی ناناوتی ہسپتال اس وقت منتقل ہوگئے، جب انہوں نے سانس لینے میں مشکلات کی شکایت کی۔
اب 27 جولائی کو ایشوریا رائے کے شوہر ابھیشیک بچن نے ایک ٹوئٹ میں بتایا کہ ان کی اہلیہ اور بیٹی کے کورونا وائرس ٹیسٹ نیگیٹو آئے ہیں اور انہیں ہسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا۔انہوں نے لکھا ‘آپ سب کی دعاؤں اور نیک تمناؤں کا شکریہ، ایشوریا اور ارادھیا کے ٹیسٹ نیگیٹو آئے اور انہیں ہسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا، اب وہ گھر جارہی ہیں’۔انہوں نے مزید بتایا ‘میرے والد اور میں تاحال ہسپتال میں زیرعلاج ہیں’۔
77 سالہ امیتابھ بچن اور ان کے 44 سالہ بیٹے ابھیشیک بچن ہسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں ہیں اور ہسپتال انتظامیہ نے بیماری کی شدت کو معتدل قرار دیا ہے۔ امیتابھ بچن کی صحت کے حوالے سے ہسپتال کی جانب سے کوئی تفصیل جاری نہیں کی گئی مگر بولی وڈ اسٹار اکثر ٹوئٹر پیغامات میں اس بارے میں بتاتے رہتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button