ایشیاکپ؛ کوہلی نے نیپالی کھلاڑی کے جوتے پر دستخط کرکے دل جیت لیے

ایشیاکپ میں بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد نیپالی کرکٹ ٹیم کا ٹورنامنٹ میں سفر تمام ہوگیا لیکن ویرات کوہلی کی نیپالی پلئیر سومپال کامی سے ملاقات کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
سماجی رابطے کی سائٹ انسٹاگرام پر نیپالی کرکٹر سومپال کامی نے سابق بھارتی کپتان کے تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ کوہلی صرف ایک کرکٹر نہیں بلکہ جذبات ہیں۔
گزشتہ روز بھارت کے خلاف نیپالی ٹیم نے ابتداء میں جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا، انہوں نے 48.2 اوورز میں 230 رنز بناکر آؤٹ ہوئی، آصف شیخ 58 جبکہ سومپال کامی نے 48 رنز کی اننگز کھیلی۔
میچ کے اختتام پر نیپالی کرکٹر نے ویرات کوہلی سے ملاقات کی جبکہ انکے جوتے پر دستخط بھی کیے۔
بارش سے متاثرہ میچ بھارت کی بیٹنگ 2.1 اوورز میں 17 رنز پر روک دی گئی تھی اور تاخیر کی وجہ سے بھارت کو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 23 اوورز میں 145 رنز کا ہدف دیا گیا جس کو بھارتی اوپنرز نے باآسانی پورا کرلیا تھا۔
واضح رہے کہ نیپال کو پہلے میچ میں پاکستان نے 238 جبکہ بھارت نے 10 وکٹوں سے شکست دیکر ٹورنامنٹ سے باہر کردیا، نیپال پہلی بار ٹورنامنٹ تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی تھی۔
