ایشیز سیریز: آسٹریلیا نے انگلینڈ کو دوسرے ٹیسٹ میں شکست دیدی

ایشیز سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کے چوتھے دن آسٹریلیا نے انگلینڈ کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے دی۔

گابا میں جاری میچ میں انگلینڈ نے اپنی دوسری اننگز 6 وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز سے شروع کی، تاہم پوری ٹیم 241 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

آسٹریلوی بولنگ لائن نے عمدہ کارکردگی دکھائی۔ مائیکل نیسر نے 5 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا، مچل اسٹارک اور اسکاٹ بولینڈ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ برینڈن ڈوگٹ نے ایک وکٹ لی۔

آسٹریلیا کو جیت کے لیے 65 رنز کی ضرورت تھی، جو اس نے دو وکٹیں گنوا کر با آسانی حاصل کر لیے۔
ٹریوس ہیڈ 22 اور جیک ویدرالڈ 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ کپتان اسٹیو اسمتھ 23 اور مارنس لبوشین 3 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

آسٹریلیا کا تاریخی ریکارڈ

واضح رہے کہ آسٹریلیا نے انگلینڈ کے خلاف اس ٹیسٹ میں ایک منفرد بیٹنگ ریکارڈ اپنے نام کیا۔
برسبین میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلوی بیٹرز نے اننگز کے دوران شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے تمام 11 کھلاڑیوں نے ڈبل فیگرز اسکور کیے—جو ایشیز کی پوری تاریخ میں پہلی مرتبہ ہوا۔

اس سے قبل آسٹریلوی ٹیم 1948 میں بھارت اور 1992 میں سری لنکا کے خلاف بھی ایک اننگز میں تمام 11 کھلاڑیوں کے ڈبل فیگرز تک پہنچنے کا کارنامہ انجام دے چکی ہے، لیکن ایشز میں یہ پہلی دفعہ ممکن ہوا۔

Back to top button