ایف بی آر کا محصولات کا شارٹ فال 484 ارب سے تجاوز کر گیا

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) رواں مالی سال کے پہلے 8 ماہ یعنی جولائی سے فروری کے درمیان ٹیکس اکٹھا کرنے کا ہدفپورا کرنے میں ناکام رہا ہے اور اسے4 سو 84 ارب روپے کی کمی سامنے آئی۔
اعداد و شمار کے مطابق ایف بی آر نے اس عرصے کے دوران 32 کھرب 9 ارب روپے کے ہدف کے مقابلے میں صرف 27 کھرب 25 ارب روپے وصول کیے۔
تاہم مذکورہ اعدادوشمار میں گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے دوران اکٹھا ہونے والے 23 کھرب 42 ارب روپے کے مقابلے میں 16.35 فیصد کا اضافہ دیکھا گیا۔
فروری میں ایف بی آر نے اس ماہ کے 4 سو 17 ارب روپے کے ہدف کے مقابلے میں 3 سو 18 ارب روپے جمع کرکے 99 ارب روپے کا شارٹ فال بتایا، ٹیکس اتھارٹی کا تخمینہ ہے کہ وہ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں ایک سے 2 ارب روپے مزید جمع کرلے گی۔
ٹیکس سال 2019 میں ٹیکس گوشوارے جمع کروانے والے افراد (ٹیکس ریٹرن فائلرز) کی تعداد گزشتہ سال کے 29 لاکھ کے مقابلے میں 24 لاکھ 40 ہزار سے زائد ہوگئی۔ اس حوالے سے سالانہ ہدف تک پہنچنے کے لیے موجودہ اعداد و شمار میں دگنا اضافے کی ضرورت ہوگی۔
ایف بی آرترجمان کے مطابق ریٹرن فائل کرنے کی آخری تاریخ 29 فروری میں مزید توسیع نہیں کی جائے گی۔
نئے فعال ٹیکس دہندگان کی فہرست کو ٹیکس سال 2018 سے لے کر 2019 میں تبدیل کیا جائے گا جو آج (یکم مارچ کی) رات ایف بی آر کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ ہوجائے گی۔ نتیجتاً 4 لاکھ ٹیکس دہندگان نے ٹیکس سال 2019 میں اپنا گوشوارہ جمع نہیں کرایا تاہم ترجمان نے کہا کہ جن لوگوں نے اس سال ریٹرن فائل نہیں کیا وہ گزشتہ سال نِل فائلرز تھے۔
دوسری جانب ایف بی آر کے اعلیٰ عہدیداران کا ماننا ہے کہ فیرل بورڈ آف ریونیو میں اعلی عہدوں پر افسران اور چیئرمین کے تقرر میں تاخیر کے باعث ٹیکس کے محکمے میں غیر یقینی صورتحال پیدا ہوگئی ہے جس کی وجہ سے روزانہ کی بنیاد پر ریونیو میں کمی آرہی ہے۔
خیال رہے کہ چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی غیر معینہ مدت کے لیے چھٹی پر ہیں اور حکومت نے رکن انتظامیہ محترمہ نوشین امجد کو محکمے کا چارج دے دیا ہے۔ جنوری سے ٹیکس کے معاملات روزانہ کی بنیاد پر سنبھالے جارہے ہیں جس کی وجہ سے محصولات کی وصولی میں مستقل کمی واقع ہورہی ہے۔ حکومت نے وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے ریونیو کے طور پر ہارون اختر خان کے تقرر کو تقریباً حتمی شکل دے دی ہے تاہم نوٹی فکیشن میں تاخیر کے سبب غیر یقینی صورتحال میں اضافہ ہوا ہے۔
