اثاثہ جات کیس: کیپٹن صفدر کی گرفتاری کی تیاریاں شروع

آمدن سے زائد اثاہ جات کیس میں نیب خیبر پختونخوا نے مسلم لیگ ن کے رہنما کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو گرفتار کرنے کی تیاریاں شروع کردیں۔ اس حوالے سے تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ نیب خیبر پختونخوا کی طرف سے سابق وزیراعظم نوازشریف کے داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے اثاثہ جات کی تفصیلات نیب ہیڈ کوارٹرز کو بھیجنے کے بعد ان کی گرفتاری کےلیے چیئرمین نیب سے منظوری لی جائے گی، جب کہ نیب کی انکوائری ٹیم نے محکمہ مال حکام کے ساتھ مل کر تحقیقات کے بعد مسلم لیگ ن کے رہنما کے اثاثہ جات کے بارے میں ریکارڈ اپنے قبضے میں لے لیا، نیب کی طرف سے ناصرف محکمہ مال سے اس حوالے سے مزید تفصیلات طلب کی گئی ہیں، بلکہ مقامی لوگوں کے بیانات بھی ریکارڈ کیے جارہے ہیں، جس کے بعد رپورٹ کو حتمی شکل دی جائے گی اور اس کو نیب ہیڈ کوارٹر ارسال کیا جائے گا۔ بتایا گیا ہے کہ اس کے بعد کیپٹن ر صفدر کی گرفتاری کےلیے چیئرمین نیب سے حتمی منظوری لی جائے گی۔
واضح رہے کہ چند روز قبل گوجرانوالہ میں مسلم لیگ (ن )کے رہنما کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کے خلاف بغاوت کا مقدمہ بھی درج کر لیا گیا، مسلم لیگ (ن) کے رہنما کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کے خلاف مقدمہ تھانہ سیٹلائٹ ٹاؤن میں ایس ایچ او کی مدعیت میں درج کیا گیا، بغاوت کے مقدمے میں ن لیگ کے ایم پی اے عمران خالد بٹ کو بھی نامزد کیا گیا، ایف آئی آر کے متن کے مطابق کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے دو روز قبل عمران خالد بٹ کی رہائش گاہ پر میٹنگ کی تھی جس میں ریاستی اور انتظامی اداروں کے خلاف اشتعال انگیز اور دھمکی آمیز الفاظ استعمال کیے گئے تھے، بعد ازاں کیپٹن ریٹارڈ صفدر اور مقدمے میں نامزد دیگر افراد کی گرفتاری کےلیے خصوصی ٹیم بھی تشکیل دیدی گئی۔