ایمرجنسی لگانے کیلئے ایسی وجہ بنائی جائے کہ وقت مل جائے
وزیراعظم عمران خان نے اپنی کچن کیبنٹ کو ہدایت کی ہے کہ ایمرجنسی لگانے کے لیے ایسی وجہ یا بہانہ بنائیں تاکہ ہمیں وقت مل جائے۔
ذرائع نے وزیراعظم کی کچن کیبنٹ میں گزشتہ روز ہونیوالی مشاورت کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے ہدایت کی ہے کہ کوئی ایسی وجہ یا بہانہ تلاش کیا جائے جس سے ایمرجنسی لگانے کیلئے وقت حاصل ہوجائے۔
ذرائع کے مطابق کچن کیبنٹ اجلاس میں 6 سے 8 وزرا شامل ہوئے جس میں تجویز دی گئی کہ اسپیکرکسی نہ کسی بہانے اسمبلی اجلاس کی کارروائی ملتوی کرے، اسپیکر یا تو ووٹنگ کے دوران گنتی درست نہ کرے یا کوئی اور بہانہ بنائے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ منحرف ارکان کے گھر جاکر ان کے خلاف نعرے لگائے جائیں اور دباؤ ڈالا جائے، اس کے علاوہ آئینی اداروں پرپی ٹی آئی کی حمایت کے لیے دباؤ ڈالاجائے جب کہ حکومت کےخلاف سازش کرنے والوں پرآرٹیکل 6 کی کارروائی کی جائے۔
ذرائع کا کہنا تھااجلاس میں اٹارنی جنرل اور اسپیکر نے کوئی بھی غیر قانونی قدم اٹھانے کی مخالفت کی جس پر وزیراعظم عمران خان نے اپنا مؤقف منوانے کے لیے اٹارنی جنرل اور اسپیکر سے پرزورمطالبہ کیا۔وزیراعظم عمران خان نے صدر مملکت کو بھی تحریک عدم اعتماد سے متعلق ہدایات دیں اور کہا کہ شہبازشریف کے لیے اعتماد کا ووٹ جلد نہیں ہونا چاہیے، ان کے اعتماد کے ووٹ میں حتی الامکان تاخیر کی جائے۔
اجلاس میں وزیراعظم نے اسپیکر کو ہدایت کی کہ اگلااسمبلی اجلاس عدم اعتمادکے ایک ماہ بعد بلایا جائے اور صدر نئے وزیراعظم کے انتخاب تک مجھے ہی کام جاری رکھنے کی ہدایت کرے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تحریک انصاف کارکنان کو اسلام آباد میں لائےگی۔