ایم کیو ایم نے وزیر اعظم کو مستعفی ہونے کا مشورہ دے دیا

حکومت کی اتحادی جماعت ایم کیو ایم پاکستان نے وزیر اعظم عمران خان کو مستعفی ہونے کا مشورہ دے دیا ہے. بتایا گیا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان نے تحریک انصاف کی اعلی قیادت کو یہ بھی مشورہ دیا ہے کہ وزیر اعظم جمہوری نظام اور پی ٹی آئی کی حکومت کو بچانے کے لیے اپنے عہدے سے استعفی دے دیں. انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنی جماعت سے نئے وزیر اعظم کی تقرری کر دیں. انہوں نے ماضی کی حکومتوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس سے پہلے بھی وزیر اعظم تبدیل ہوتے رہے ہیں اور جمہوریت بھی جاری رہی. میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلام آباد میں سندھ ہاؤس حملے کے بعد ایم کیو ایم پاکستان نے وزیر اعظم عمران خان اور متحدہ اپوزیشن کی قیادت کو مشورہ دیا ہے جلسے جلوس کی بجائے تمام معاملات کو پار لیمنٹ میں حل کیا جائے. ایم کیو ایم نے موقف اختیار کیا ہے کہ توڑ پھوڑ اور احتجاج کی سیاست سے ملک میں جمہوری نظام کو شدید خطرات لاحق نظر آ رہے ہیں. رہنما ایم کیو ایم کا مزید کہنا تھا کہ حالات تیزی سے بدل رہے ہیں اورحکومت تنہائی کا شکار ہوتی جا رہی ہے جس سے اس کے سیاسی مستقبل کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے.
