ایم کیو ایم کے سابق کنوینیئر ندیم نصرت پر امریکا میں قاتلانہ حملہ

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ کے سابق کنوینئر اور امریکہ میں قائم ایڈووکیسی گروپ وائس آف کراچی (وی او کے) کے سربراہ ندیم نصرت ہیوسٹن میں ’قاتلانہ حملے‘ کے دوران محفوظ رہے۔ ندیم نصرت نے اتوار کی سہ پہر کو ہیوسٹن میں ایک پروگرام کی میزبانی کی اور وی او کے رہنما شاہد فرہاد کے ساتھ ایک کار میں روانہ ہوئے۔ ہائی وے 59 ساؤتھ پر سفر کرتے ہوئے شاہد فرہاد نے ایک سیاہ فام ایس یو وی کو مشکوک انداز میں اپنی گاڑی کے قریب آنے کی کوشش کرتے ہوئے پایا اور دیکھا کہ مشکوک گاڑی کے پچھلی نشست کی کھڑکی سے ایک ہاتھ باہر ہے اور اس نے بندوق پکڑ رکھی ہے۔
انہوں نے فوری بریک لگایا جس کے نتیجے میں حملہ آوروں سے نشانہ چوک گیا، ایک سے زیادہ گولیاں چلائی گئیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ندیم نصرت نے گولیوں کے خول ہوا بندوق سے نکلتے دیکھے جو ان کی گاڑی کے اگلے حصے سے آکر ٹکرائے تھے، حملہ آور ہائی وے پر فرار ہوگئے۔کہا گیا کہ ندیم نصرت اور شاہد فرہاد نے مقامی تھانے میں باضابطہ رپورٹ درج کرائی ہے اور متعلقہ حکام کو آگاہ کردیا ہے جنہوں نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
ندیم نصرت متحدہ ایم کیو ایم کے لندن میں مقیم کنوینئر تھے جب پارٹی کے بانی الطاف حسین نے 22 اگست 2016 کو ایک اشتعال انگیز تقریر کی تھی۔بعدازاں پاکستان میں پارٹی نے ان کی جگہ ڈاکٹر فاروق ستار کو ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی کا کنوینئر مقرر کیا تھا۔
اس کے بعد انہوں نے ایم کیو ایم کے لندن ونگ کی اس کے کنوینئر کی حیثیت سے قیادت کی اور بعد میں الطاف حسین سے علیحدگی اختیار کرکے واپس امریکہ چلے گئے جہاں انہوں نے پہلے ’فری کراچی‘ مہم چلائی اور پھر اسے وائس آف کراچی کے ایڈووکیسی گروپ میں تبدیل کردیا۔

Back to top button