ایکسپو سینٹر کراچی میں 1200 بستروں پر مشتمل فیلڈ اسپتال کا افتتاح

لاہور کے بعد ایکسپو سینٹر کراچی میں بھی کورونا وائرس کے مریضوں کےلیے 1200 بستروں پر مشتمل فیلڈ آئسو لیشن سینٹر کا افتتاح کر دیا گیا۔
فیلڈ آئسولیشن سینٹر کی افتتاحی تقریب میں گورنرسندھ، کور کمانڈر کراچی اور وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو شریک ہوئیں۔
گورنر سندھ کو بریفنگ دیتے ہوئے حکام کی جانب سے بتایا گیا کہ آئسولیشن سینٹرز کو ڈبلیو ایچ او کےتجویز کردہ اصولوں کے مطابق تیار کیا گیا ہے۔
گورنر سندھ کا اس موقع پر کہنا تھا کہ آئسولیشن سینٹر کی تعمیر میں پاک آرمی نے حکومت کے شانہ بشانہ کام کیا، کورونا وائرس کے مکمل خاتمے تک فیلڈ آئسولیشن سینٹر کام کرتا رہے گا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز لاہور کے ایکسپو سینٹر میں بھی 1000 بستروں پر مشتمل فیلڈ آئسولیشن سینٹر کا افتتاح کیا گیا تھا جسے صرف 9 روز میں تیار کیا گیا۔
