بابراعظم نے انگلینڈ سے شکست کو افسوسناک قرار دیدیا

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کاکہنا ہے کہ انگلینڈ سے ٹی20سیریز ہارنے پر افسوس ہے ۔
قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا ہے کہ جیت کیلئے اسٹرائیک ریٹ بھی بڑھانا ہوگا اور فتوحات کے سفر پر دوبارہ گامزن ہونے کیلئے کھلاڑیوں کو ماڈرن کرکٹ کھیلنا ہوگی۔سیریز جیت کر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بلند حوصلوں کے ساتھ جانے کی ضرورت تھی۔مڈل اوورز میں بلے بازوں نے ذمہ داری نہیں دکھائی اور وکٹیں گنوائیں، یکے بعد دیگرے وکٹیں گرنے سے بڑا اسکور نہیں کرسکے جبکہ بولرز نے بھی اچھی بولنگ نہیں کی اور زیادہ رنز دیے۔
بابراعظم کاکہنا تھا کہ اعظم خان سمیت تمام کھلاڑیوں کا انتخاب میرٹ پر ہوا، شکست کے بعد سوالات اٹھتے ہیں۔ورلڈ کپ بالکل مختلف گیم ہے اس میں بہتر نتائج دیں گے، امریکا کی کنڈیشنز سے واقف نہیں لیکن ویسٹ انڈیز کی کنڈیشنز سے بخوبی آگاہ ہیں۔تمام کھلاڑیوں کو اپنے رول کا پتہ ہے، ورلڈ کپ میں تمام کھلاڑیوں کو ذمہ داری لینا ہوگی۔
