بابراعظم کے وکیل کا حامیزہ مختار پر پیسوں کے مطالبے کا الزام

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کے وکیل نے ان پر ہراسانی کا الزام عائد کرنے والی خاتون پر ڈیل کرنے کا الزام عائد کردیا۔ لاہور کی سیشن عدالت میں قومی کپتان بابراعظم کے خلاف جنسی ہراسانی کا مقدمہ درج کرنے کے معاملے کی سماعت ہوئی۔ بابراعظم کے وکیل نے قومی کپتان پر سنگین نوعیت کے الزامات لگانے والی خاتون حامیزہ مختار کی طرف سے مسلسل ڈیل کرنے کی کوششوں کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ان کے موکل کو بلیک میل کرنے کےلیے کیس کو التواء کا شکار کیا جارہا ہے۔
بابراعظم کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ حامیزہ مختار کی جانب سے پہلے ایک کروڑ روپے مانگے گئے اور اب 20 لاکھ روپے پر آگئی ہے لیکن میرے موکل اسے ایک روپیہ نہیں دیں گے۔ وکیل کا مزید کہنا تھا کہ بابراعظم نے نیوزی لینڈ روانگی سے قبل ہمیں پاور آف اٹارنی دیا تھا۔ خاتون نے بابراعظم پر جو بھی الزامات لگائے وہ انہیں بدنام کرنے کےلیے لگائے۔ قومی ٹیم کے کپتان کے وکیل نےسیشن کورٹ سے استدعا کی کہ عدالت آج ہی اس کیس کا فیصلہ سنائے۔ ایڈیشنل سیشن جج نے حامیزہ مختار کے وکلاء کو بحث کےلیے آج ہی طلب کر لیا۔
واضح رہے کہ حامیزہ مختار نامی خاتون نے گزشتہ ماہ ایک پریس کانفرنس کے دوران قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم پر جنسی زیادتی، تشدد، شادی کا جھانسہ دے کر دھوکا دینے، حمل گرانے اور مال بٹورنے کے سنگین نوعیت کے الزامات عائد کیے تھے۔
