بابوں سے بیاہ رچانے والی اداکارائیں اب کہاں ہیں؟

پاکستان کی شوبز انڈسٹری میں ایسی کئی خوبصورت اور ٹیلنٹڈ اداکارائیں آئیں جنہوں نے بہت کم وقت میں ایسا نام کمایا ہے کہ وہ آج بھی اپنے کام کی وجہ سے لوگوں کی یادوں میں زندہ ہیں، کچھ اداکارئیں ایسی بھی تھیں جنہوں نے اپنے سے کافی بڑی عمر کے مردوں کے ساتھ شادی کی اور گمنامی کی زندگی گزارنا شروع کردی اور شوبز انڈسٹری سے ایسی غائب ہوئیں کہ پھر کبھی نظر نہیں آئیں۔
ان ہی میں ایک اداکارہ سنگیتا کی چھوٹی بہن کویتا ہیں، جن کا شمار اپنے دور کی حسین و جمیل ادکاراؤں میں ہوتا ہے، ان کی والدہ بہت سخت مزاج خاتون تھیں جن کا کویتا پرزیادہ زور چلتا تھا، کویتا بہت چھوٹی تھیں جب ایک فلم ڈائریکٹر نے کسی بات پر ان کو اغواء کرنے کی دھمکی دی۔ چنانچہ ان کی والدہ نے خوف کی وجہ سے انہیں فلمی دنیا کا حصہ بنا دیا اور وہ مشہور ہوکر آفات سے محفوظ ہو گئیں، پھر کویتا کی شہرت ان کے حسن اور ان کے کام کی وجہ سے آسمانوں کو چھوتی چلی گئی، انہوں نے کامیاب ترین فلموں میں کام کیا اوران کی جوڑی ندیم کے ساتھ کافی پسند کی گئی، کویتا کی والدہ نے انہیں محبت کرنے کی اجازت نہیں دی تھی۔ لیکن چونکہ کویتا دل پھینک تھی اس لیے اسے بار بار محبت کا دورہ پڑتا تھا۔ اس حوالے سے کویتا نے ایک بار خودکشی کی کوشش بھی کی لیکن کامیاب نہ ہوسکیں۔ بالآخر ماں سے باغی ہو کر کویتا نے ایک ادھیڑ عمر کے پیر صاحب سے عشق فرما لیا۔ بابا جی بھی ان کے دیوانے ہوگئے۔ وہ کافی پیسے والے تھے چنانچہ کویتا نے ان سے شادی کر لی اور ان کے ساتھ ہی بیرون ملک زندگی گزاری، پیر صاحب کے انتقال کے بعد سے اب کویتا امریکہ میں مقیم ہیں، انڈسٹری میں اب ان کا کوئی وجود باقی نہیں اور وہ گمنام زندگی گزار رہی ہیں۔
اداکارہ عارفہ صدیقی نے بھی ایک ادھیڑ عمر بزرگ سے شادی کی تھی۔ ان کی والدہ طلعت صدیقی بھی ایک بہت بہترین اداکارہ تھیں، عارفہ صدیقی ایک ملٹی ٹیلنٹڈ لڑکی تھیں، بلا کی خوش اخلاق، ذہین، اداکارہ، گلوکارہ، ماڈل اور ایک اچھی انسان، انہوں نے فلموں میں بھی کام کیا لیکن وہاں انہیں زیادہ کامیابی نہ ملی اور سٹیج اور تھیٹر میں بھی کام کیا۔ انکے کامیاب ڈراموں میں اصغری اکبری، عینک والا جن، پیاس، مراۃ العروس وغیرہ شامل ہیں، عارفہ صدیقی کی آواز بھی بہت اچھی تھی، وہ گلوکارہ فریحہ پرویز کی فرسٹ کزن بھی لگتی ہیں۔
عارفہ نے باقاعدہ موسیقی کی تعلیم حاصل کی اور پھر کئی گانے بھی گائے، جب بات آئی شادی کی تو عارفہ صدیقی نے خود سے تیس برس بڑے، موسیقار استاد نذر سے شادی کرلی۔ لوگوں نے دانتوں تلے انگلیاں دبا لیں کیوں کہ اسی اور نوے کی دہائی میں عارفہ صدیقی ہر طرف چھائی ہوئی تھیں۔ ان کے اس فیصلے نے بہت لوگوں کے دل توڑے تھے، یہ ایک محبت کی شادی تھی اور تئیس سال بہت کامیابی سے چلی، پھر پھیپھڑوں کے کینسر کی وجہ سے ان کے شوہر کا انتقال ہوگیا، بعد ازاں عارفہ نے خود سے کافی چھوٹے گلوکار تعبیر علی سے شادی کی ہے اور دونوں کافی خوش ہیں۔
