بادام کو بھگو کر کھانا صحت کے لیے مفید قرار
ماہرین نے بادام کو بھگو کر کھانے کو صحت کے لیے انتہائی مفید قرار دے دیا ہے، بادام صحت بخش غذا ہے جس کے استعمال سے فربہ جسم کو سیڈول جسم بنانے میں مدد مل سکتی ہے کیوں کہ یہ اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور ہوتے ہیں۔باداموں میں وافر مقدار میں اینٹی آکسیڈنٹس پائے جاتے ہیں جس سے ناصرف عمر طویل ہوتی ہے بلکہ چہرے اور جسم پر بڑھتی عمر کے اثرات بھی جَلد ظاہر نہیں ہوتے ہیں، باداموں کا استعمال کینسر کے خدشات کو بھی کم کرتا ہے۔
باداموں میں متعدد غذائی اجزا پائے جاتے ہیں جیسے کہ وٹامن ای، غذائی فائبر، میگنیشم، کاپر، زنک، آئرن، پوٹاشیم، کیلشیم، پروٹین، وٹامنز، معدنیات اور اینٹی آکسیڈینٹ وغیرہ۔یہ دعویٰ کیا جاتا ہے کہ باداموں کو بھگو کر کھانے سے معدے کے لیے انہیں ہضم کرنا آسان ہوجاتا ہے جبکہ یہ نظام ہاضمہ کو بھی بہتر بناتا ہے۔بادام میں وٹامن ای کی مقدار بہت زیادہ پائی جاتی ہے جس سے دماغی صحت بہتر ہوتی ہے، اس کے علاوہ بھیگے ہوئے بادام یادداشت کے لیے معاون ثابت ہوتے ہیں، بادام دماغ کو تیز رکھنے کے ساتھ ساتھ متعدد صحت کے فوائد بھی فراہم کرتے ہیں۔
وزن میں کمی کے خواہشمند افراد کو باداموں کو روزانہ کی غذا کا حصہ بنانے پر غور کرنا چاہیے، بادام کو بھگو کر کھانا جسمانی وزن میں کمی کے عمل کو تیز کرتا ہے، اس میں موجود مونوسیچوریٹڈ فیٹ بے وقت بھوک کی خواہش پر قابو پانے میں مدد دیتے ہیں۔بادام وزن میں کمی سمیت خصوصاً کمر پتلی کرنے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔
تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ روزانہ مٹھی بھر بادام کھانے سے جسم میں نقصان دہ کولیسٹرول کے لیول کو کم اور صحت بخش کولیسٹرول کے لیول کو برقرار رکھنے میں مدد ملتی ہے۔بادام کو اسنیک کے طور پر کھانے سے Alpha-1 HDL کا لیول بڑھتا ہے، یہ کولیسٹرول کی ایسی قسم ہے جو دل کی صحت بہتر رکھنے میں مدد کرتی ہے، اس میں موجود پوٹاشیم اور پروٹین دل کو مضبوط کرتے ہیں۔باداموں میں پائے جانے والے وٹامن ای سے دل کی بیماریاں دور ہوتی ہیں جبکہ میگنیشیم دل کا دورہ پڑنے سے محفوظ رکھتا ہے۔
باداموں میں کیلشیم، میگنیشیم اور فاسفورس موجود ہوتے ہیں جو کہ صحت مند اور مضبوط دانتوں اور ہڈیوں کے لیے ضروری قرار دیئے جاتے ہیں، اس میوے کے استعمال سے ہڈیوں کے فریکچر اور بھربھرے پن کا خطرہ کم ہو جاتا ہے جبکہ عمر بڑھنے کے ساتھ ساتھ دانتوں کے مسائل کے خطرات بھی کم ہو جاتے ہیں۔
اگر آپ صحت مند جِلد حاصل کرنا چاہتے ہیں تو بھیگے ہوئے مٹھی بھر باداموں کا استعمال آج ہی سے شروع کر دیں، باداموں میں موجود اینٹی آکسیڈینٹس خاص طور پر وٹامن ای، عمر بڑھنے کی علامات کو کم کرنے اور جلد کو آزاد ریڈیکلز کی وجہ سے ہونے والے نقصان سے بچانے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔
اس میوے میں مونوسیچوریٹڈ فیٹی ایسڈز وافر مقدار میں پائے جاتے ہیں جو کہ جسمانی افعال کے لیے انتہائی ضروری سمجھے جاتے ہیں، یہ ایسڈز خون میں گلوکوز کی مقدار متوازن رکھتے ہیں اور گلوکوز کی جاذبیت کے عمل کو بھی کنٹرول کرتے ہیں، بادام بلڈ گلوکوز کی سطح کو نارمل رکھنے میں مدد فراہم کر تے ہیں۔
خون میں گلوکوز کا نارمل لیول ذیابطیس کے خطرات کو کم کر دیتا ہے۔باداموں میں ایک مخصوص مقدار میں فائبر موجود ہوتا ہے جسکے استعمال سے نظامِ ہاضمہ بہتر اور قوت مدافعت مضبوط ہوتا ہے، ان میں فائبر زیادہ ہونے کے سبب یہ کولون کینسر کے خطرات کو بھی کرتے ہیں۔باداموں میں وٹامن ای اور فلاوینائڈز کی بھی بھرپور مقدار پائی جاتی ہے جو چھاتی کے کینسر سے بھی بچاتی ہے۔