بارودی سرنگوں کو ہٹانے کے کام میں مصروف امریکی این جی او کے کارکنان پر حملے

افغانستان کے صوبے میدان وردک میں افغان ایئر فورس کا ہیلی کاپٹر ایم آئی-17 گر کر تباہ ہونے سے 3 اہلکار ہلاک اور ایک شدید زخمی ہوگیا۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔
افغان وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہیلی کاپٹر حادثہ تیکنیکی خرابی کے باعث پیش آیا۔ زخمی اہلکار کو اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں اس کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
دریں اثناء افغانستان کے صوبے بغلان میں برطانیہ کی خیراتی تنظیم اور امریکا کی غیرمنافع بخش کمپنی ’’ہالو ٹرسٹ‘‘ کے کارکنان بارودی سرنگیں ہٹانے کے کام میں مصروف تھے کہ دہشت گردوں نے حملہ کردیا۔
حملہ آوروں کی فائرنگ میں 10 افراد ہلاک اور 16 زخمی ہوگئے تاحال کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم افغان حکومت نے طالبان پر ذمہ داری عائد کی ہے جب کہ طالبان نے کابل حکومت کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے حملے کی مذمت کی ہے۔
واضح رہے کہ طالبان جنگجوؤں نے زابل سمیت 5 صوبوں کے مختلف اضلاع میں داخل ہوکر سیکیورٹی چیک پوسٹوں پر قبضہ کرلیا اور گھمسان کی جھڑپ کے بعد سیکیورٹی اہلکاروں کو پسپائی اختیار کرنے پر مجبور کردیا۔واضح رہے کہ افغانستان سے امریکی فوجیوں کا انخلا کا آغاز ہوچکا ہے جس کی تکمیل 11 ستمبر تک ہوجائے گی
