بارہواں کھلاڑی: سابق کپتان سرفراز احمد کی بے توقیری پر مداح ناراض

قومی ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد کو مانچسٹر ٹیسٹ میں 12 ویں کھلاڑی کی حیثیت سے گراؤنڈ میں بھیجنے پر سوشل میڈیا پر ایک طوفان کھڑا ہو گیا۔
اولڈ ٹریفورڈ میں پاکستانی بیٹنگ کے دوران وکٹ کیپر بیٹسمین شان مسعود کیلیے جوتے اٹھاکر لائے اور ساتھ پانی بھی لائے، اس پر شائقین کو خاصی حیرت ہوئی، سوشل میڈیا پر بھی تذکرہ ہوتا رہا کہ ایک سینئر کرکٹر اور سابق کپتان کی عزت کا اتنا خیال تو رکھا جائے کہ ان کے بجائے ٹیم میں موجود جونیئرز کو پانی پلانے کی ذمہ داری سونپ دیں۔
مانچسٹر ٹیسٹ میں اب تک قومی ٹیم کا پلڑا بھاری ہے، شان مسعود اور بابراعظم کی شاندار بیٹنگ کے بعد دوسرے روز کھیل کے آخری سیشن میں پاکستانی بولرز نے بھی انگلش بلے بازوں کو تگنی کا ناچ نچایا۔
لیکن ان سب کے باوجود تذکرہ ہو رہا ہے کہ سابق کپتان سرفراز احمد کو گراؤنڈ میں پانی اور جوتے دیکر بجھوانے کا، سوشل میڈیا پر ایک طوفان اٹھ کھڑا ہوا ہر کوئی اپنے اپنے انداز میں اس کو بیان کر رہا ہے، کسی نے کھیل کا حصہ قرار دیا تو کسی نے کہا کہ سابق کپتان کی بے قدری کی گئی ہے اور سینئر کھلاڑی ہونے کے ناطے انہیں عزت نہیں دی گئی۔
‏دوسرے روز کھیل کے اختتام پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق سے بھی اس حوالے سے سوال ہوا۔
آن لائن پریس کانفرنس میں مصباح الحق نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں، میں ٹیم کا کپتان تھا لیکن 12 ویں کھلاڑی کی حیثیت سے میں گراؤنڈ میں گیا تھا، میں سمجھتا ہوں کہ اس میں کوئی شرم نہیں ہونی چاہیے، سرفراز احمد زبردست انسان اور کھلاڑی ہے۔
ہیڈ کوچ نے کہا کہ تین چار کھلاڑیوں نے باری باری سیشن کے حساب سے ذمہ داری نبھانی تھی اور گراؤنڈ میں کھلاڑیوں کی مدد کرنا تھی، اس میں کسی کی بے قدری کرنا اور کسی کو عزت نہ دینے کی کوئی بات نہیں ہے، یہ ٹیم گیم ہے اور اچھی ٹیم کی یہی نشانی ہوتی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button