بالآخر سجل علی اور احد رضا میر کی شادی ٹوٹ گئی

ملک کی خوبصورت ترین اداکاراوں میں شمار ہونے والی سجل علی اور ماضی کے اداکار آصف رضا میر کے بیٹے احد رضا میر کی رومانوی جوڑی بالآخر ٹوٹ گئی یے۔ دونوں کے مابین پچھلے چھ ماہ سے علیحدگی کی خبریں چل رہی تھی لیکن ان کی تصدیق نہیں ہوئی تھی، تاہم اب سجل علی نے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنا نام ’سجل احد میر‘ سے تبدیل کر کے ’سجل علی‘ کر دیا ہے۔ جیسے ہی سجل نے اپنا نام تبدیل کیا تو انسٹاگرام اور ٹوئٹر پر دونوں کے مداحین نے قیامت برپا کر دیا اور طرح طرح کے سوال کرنے لگے۔ پاکستانی ڈراموں اور فلموں کے علاوہ بالی وڈ میں بھی کام کرنے والی سجل کی اداکار احد رضا میر کے ساتھ شادی مارچ 2020 میں ابو ظہبی میں ہوئی تھی۔
28 سالہ سجل علی کی جانب سے انسٹاگرام پر نام تبدیل ہوا تو زیادہ تر صارفین نے تبصرہ کیا کہ یہ چھ ماہ سے ناراض شوبز جوڑے کے درمیان بالآخر علیحدگی کا اعلان ہے، دونوں کے درمیان علیحدگی کی افواہوں میں تب شدت آئی جب رواں برس جنوری میں سجل علی کی بہن اداکارہ صبور علی کی شادی کی تقریبات میں بھی میں احد رضا میر کو نہیں دیکھا گیا۔ دونوں نے اپنی علیحدگی کی خبروں پر کوئی وضاحت بھی نہیں کی اور کئی ماہ سے سوشل میڈیا پر بھی ایک ساتھ تصاویر شیئر نہیں کیں۔ اب سجل علی نے انسٹاگرام پر اپنا نام تبدیل کردیا، جس سے مداح پریشان دکھائی دے رہے ہیں۔
بہت سے افراد نے ٹوئٹر اور انسٹاگرام پر سجل علی اور احد رضا میر کو مخاطب کر کے ان سے یہ جاننے کی کوشش کی کہ کیا نام کی تبدیلی کا مطلب ان میں علیحدگی کا باقاعدہ اعلان ہے تاہم دونوں کی جانب سے کوئی جواب نہیں دیا گیا۔
اداکارہ کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ان کے شوہر کے ساتھ کئی تصاویر اب بھی موجود ہیں جن میں سجل نے انہیں مینشن کرتے ہوئے محبت بھرے القابات سے پکارا ہوا ہے۔ سجل علی کی جانب سے ماضی میں شیئر کی گئی تصاویر پر تبصرہ کرنے والے بھی یہ جاننے کے خواہشمند دکھائی دیے کہ اگر احد رضا میر کا نام اس لیے ہٹا ہے کہ دونوں الگ ہو چکے ہیں تو پھر جوڑے کی تصاویر سجل علی کے اکاؤنٹ پر کیوں موجود ہیں؟
علیحدگی سے متعلق حقیقت جاننے کے خواہشمندوں کے ساتھ ایسے افراد کی بھی خاصی تعداد سوشل میڈیا پر جاری گفتگو کا حصہ ہے جو دونوں کو اب بھی ایک ساتھ دیکھنے کے خواہش مند ہے۔ سجل علی کی جانب سے نام تبدیل کیے جانے کے بعد کئی لوگوں نے پریشانی کا اظہار کرتے ہوئے ٹوئٹس کیں اور کہا کہ ان کے درمیان علیحدگی نہیں ہونی چاہیے۔ مداحوں نے لکھا کہ دونوں صرف محبت اور خوشیوں کے مستحق ہیں، اس لیے ان سے متعلق کوئی بری خبر نہیں آنی چاہیے۔
سجل علی اور احد رضا میر کے ایسے فینز نے کہیں انہیں محبت برقرار رکھنے کی تلقین کی تو کہیں اختلافات دور ہونے اور محبت قائم رہنے کی دعائیں دیتے رہے۔ بعض لوگوں نے دل کو تسلی دی کہ سجل کے نام تبدیل کرنے کا مطلب دونوں میں علیحدگی نہیں ہے، کیوں کہ سجل علی سے قبل پریانکا چوپڑا سمیت دیگر شخصیات نے بھی اپنے نام تبدیل کیے تھے اور ان کی علیحدگی نہیں ہوئی تھی۔ بعض مداحوں نے سجل علی کی جانب سے نام تبدیل کیے جانے کی خبر کو سب سے بری خبر بھی قرار دیا اور اپنی پریشانی کا اظہار کیا کہ ان کے پسندیدہ جوڑے کے درمیان نہ جانے کیا ہوگیا؟
خیال رہے کہ دونوں نے مارچ 2020 میں شادی کی تھی، ان کی جوڑی کو اسکرین سمیت حقیقی زندگی میں بھی بہت پسند کیا جاتا رہا ہے۔