بالی ووڈ سٹار کرشمہ کپور کا دوسری شادی کا عندیہ

بھارتی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ کرینہ کپور کی بہن کرشمہ کپور نے دوسری شادی کرنے کا عندیہ دے دیا ہے، کرشمہ نے 2003 میں 30 سال کی عمر میں پہلی شادی صنعت کار سنجے کپور سے کی، دونوں کے درمیان 2013 میں علیحدگی ہوگئی۔
2016 میں دونوں کے درمیان قانونی طور پر طلاق ہوگئی تھی، جس کے بعد دونوں نے ایک دوسرے پر سنگین الزامات لگائے، کرشمہ کپور نے شوہر سے طلاق کے بعد مختلف انٹرویوز میں بتایا تھا کہ سنجے کپور نے ان سے ان کی شہرت اور دولت کی وجہ سے شادی کی تھی اور یہ کہ ان کے شوہر نے پیسوں کے عوض انہیں فروخت بھی کیا تھا۔
کرشمہ کپور نے دعویٰ کیا تھا کہ ہنی مون پر ہی ان کے شوہر نے ان پر دباؤ ڈالا تھا کہ وہ شوہر کے مرد دوستوں کے ساتھ جنسی تعلقات استوار کریں۔ساتھ ہی اداکارہ نے سابق شوہر اور ساس پر گھریلو تشدد کے الزامات بھی عائد کیے تھے۔
پہلی شادی سے کرشمہ کپور کو 17 سالہ بیٹی سمیرا اور 12 سالہ بیٹا کیان بھی ہیں، جن کی انہوں نے ہی پرورش کی اگرچہ 2017 میں بھی کرشمہ کپور کی دوسری شادی کی افواہیں سامنے آئی تھیں مگر اس وقت ان کے اہل خانہ نے ایسی خبروں کو مسترد کردیا تھا۔
اب خود کرشمہ کپور نے مداحوں کے سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے دوسری شادی کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے، جس پر ان کے مداح خوش دکھائی دے رہے ہیں۔
