بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کی انوکھی فرمائش

بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان، نام کے ہی کنگ نہیں، وہ سچ مچ کے بادشاہ ہیں۔ وہ اپنے فینز کے ہی نہیں بلکہ بے زبان جانوروں کے بھی کنگ ہیں۔ حال ہی میں انھوں نے اپنے فینز سے ایک انوکھی فرمائش کی ہے کہ کورنٹین کے دوران گلیوں میں پھرنے والے آوارہ مگر بے زبان کتوں اور بلیوں کا بھی خیال رکھیں۔ ہر خاص و عام کی طرح اگرچہ کنگ خان بھی کورنٹین میں ہیں لیکن کسی بھی مشکل گھڑی میں وہ ہمیشہ ”فرنٹ لائن“ پر کھڑے نظر آتے ہیں۔ انھوں نے اپنے آفس کی چار منزلہ عمارت بھی ممبئی میڈیکل سینٹر اور پولیس کے حوالے کر دی ہے تاکہ اس کو آئسولیشن سینٹر میں تبدیل کیا جا سکے جہاں پر کرونا کے مریضوں کو رکھا جاسکے۔
لیکن یہاں ہم بات کر رہے ہیں کنگ خان کی اس ٹوئیٹ کی، جو آج کل سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔ شاہ رخ خان کہتے ہیں کہ پوری دنیا اس وقت ”کرونا وائرس“ سے لڑ رہی ہے۔ اس موقع پر ہم انھیں کیسے بھول سکتے ہیں جن کی کوئی آواز نہیں؟ یہاں شاہ رخ کا اشارہ بے زبان آوارہ جانوروں کی طرف ہے۔ شاہ رخ خان کا کہنا ہے کہ ہم آرام سے اپنے اپنے گھروں میں بیٹھے ہیں، لاک ڈاؤن ہے لیکن کیا کبھی کسی نے سوچا ہے کہ آوارہ کتوں اور دیگر جانوروں کا کون پرسان حال ہے؟ ہمیں ان آوارہ اور بے سہارا بلیوں کے لئے بھی میدان میں نکلنا ہو گا۔ اب یہ چونکہ کنگ خان کا کہنا تھا، اس لئے ان کے ہزاروں فینز اپنے سٹار کنگ کی ٹوئیٹ پر سنجیدگی سے عمل کرنے کے لئے تیار ہیں۔
صرف یہی نہیں، شاہ رخ خان نے ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے گلوبل فنڈ ریزنگ کنسرٹ میں بھی شامل ہونے کی حامی بھر لی ہے۔ ڈبلیو ایچ او کے اس کنسرٹ میں جینیفر لوپز، پریانکا چوپڑا، ایلن جونز اور بلی ایلش بھی حصہ لے رہے ہیں۔
ایک طرف شارخ خان نے لاک ڈاؤن کے دوران کتوں اور بلیوں کے بحالی کے لئے آواز بلند کی ہے تو دوسری طرف سلمان خان بمبئی کے قریب واقع اپنے فارم ہاؤس میں بالی ووڈ حسیناؤں کے ساتھ مبینہ طور پر قرنطینہ میں وقت گزار رہے ہیں۔ یعنی اگر شاہ رخ خان لاک ڈاون کے دوران بے زبان کتوں اور بلیوں کے لئے درد محسوس کر رہے ہیں تو سلمان خان نے بالی ووڈ حسیناؤں کا درد محسوس کرتے ہوئے انہیں اپنے فارم ہاؤس پر اپنے پاس بلا لیا ہے تاکہ وہ ان کا اچھے طریقے سے خیال رکھ سکیں۔
