بالی ووڈ کے غصیلے اور جوشیلے دبنگ خان کتنے سخی ہیں؟

شوبز کی دنیا میں دبنگ خان کے نام سے پہچان بنانے والے بالی ووڈ سٹار سلمان خان اپنے فلمی کیرئیر کے آغاز پر اس قدر سخی ہوا کرتے تھے کہ فقیروں کو ڈھونڈ ڈھونڈ کر کھانا کھلایا کرتے تھے، جی ہاں یہ کہنا ہے عائشہ جھلکا کا جنھوں نے بھارتی فلم ’’جو جیتا وہی سکندر‘‘ سے خوب شہرت حاصل کی تھی۔ عائشہ جُھلکا نے بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے ماضی کی مشہور فلم ’قربان‘ کی یادیں تازہ کیں اور سلمان خان کے بارے میں دلچسپ انکشاف کئے، اداکارہ نے بتایا کہ سلمان کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ شاندار تھا، مجھے وہ بہت ذیادہ پسند ہیں کیونکہ وہ عظیم آدمی ہیں، مجھے یاد ہے کہ جب ہم شوٹنگ ختم کر کے گھر جا رہے تھے، تو میں نے دیکھا کہ سلمان خان بچا ہوا کھانا پیک کر رہے تھے اور وہ روزانہ ایسا کرتے تھے۔ اداکارہ نے کہا کہ سلمان خان کھانا تقسیم کرنے کے لیے فقیروں کو ڈھونڈا کرتے تھے، اگر رات ہوتی تو وہ فقیروں کے پاس جاکر انھیں اٹھاتے اور کھانا دیتے تھے۔عائشہ جُھلکا نے بتایا کہ اگر کسی کو کھانے کی ضرورت ہوتی، تو سلمان گاڑی سے باہر نکل کر اسے کھانا پہنچاتے، میرے خیال سے وہ ایک شاندار انسان ہیں اور بلاشبہ ایک بہترین اداکار بھی ہیں۔
جو جیتا وہی سکندر‘ اور ’کھلاڑی‘ جیسی سپرہٹ فلمیں بھی دینے والی عائشہ جھلکا اپنے کیریئر میں سلمان خان، شاہ رخ خان اور عامر خان کے ساتھ کام کر چکی ہیں۔ تاہم ایک لمبے عرصے تک بڑے پردے سے دور رہنے کے بعد اب عائشہ جھلکا 2022 میں اسٹریمنگ پلیٹ فارم ایمیزون پرائم کے شو ’ہش ہش‘ میں جوہی چاولہ کے ساتھ اداکاری کے جوہر دکھاتی نظر آ رہی ہیں۔
