بانی پی ٹی آئی کے خلاف ٹیریان کیس ناقابل سماعت قرار

اسلام آباد ہائی کورٹ کے تین رکنی لارجر بینچ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی مبینہ بیٹی ٹیریان وائٹ کو کاغذات نامزدگی میں چھپانے پر نااہلی درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کردی۔

درخواست گزار شہری محمد ساجد کی جانب سے وکیل حامد علی شاہ عدالت کے روبرو پیش ہوئے، جسٹس طارق محمود جہانگیری نے ریمارکس دیے کہ اس فائل میں ایک بند لفافہ ہے وہ کھولیں، دو ججز کا فیصلہ ہے، 2 ججز درخواست کو ناقابل سماعت قرار دے چکے ہیں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں بانی پی ٹی آئی کے وکیل نعیم پنجوتھہ نے  دلائل دیتے ہوئےکہا کہ یہ معاملہ پہلے طے ہوچکا ہے، فیصلہ ویب سائٹ پر اپ لوڈ بھی ہو چکا، فیصلہ ویب سائٹ سے ہٹانے کے بعد پریس ریلیز کے ذریعے دوبارہ بینچ بنایا گیا۔ جسٹس طارق جہانگیری نے نعیم پنجوتھہ سے استفسار کیا کہ آپ کون ہیں؟ آپ اس کیس میں وکیل ہیں؟ اس پر نعیم پنجوتھہ نے عدالت کو آگاہ کیا کہ میں پراکسی کونسل ہوں، 6 ججز کے خط میں بھی اس کیس کا ذکر ہے۔

درخواست گزار کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ دو یا تین ہفتے کی تاریخ دے دیں، جس پر جسٹس طارق محمود نے کہا کہ جب دو ججز درخواست ناقابل سماعت قرار دے چکے تو کیسے تاریخ دے سکتے ہیں۔

بعدازاں لارجر بنچ نے 2 ججز کا سنایا جانے والا فیصلہ درست قرار دیتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کے خلاف دائر درخواست کو ناقابل سماعت قرار دے دیا۔

Back to top button