بختاور بھٹو اور محمود کے گھر دوسرے بیٹے کی آمد

سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو اور سابق صدر آصف زرداری کی بڑی صاحبزادی بختاور بھٹو دوسرے بیٹے کی ماں بن گئی ہیں، ننھے مہمان کی آمد کی اطلاع سوشل میڈیا پر پیدائش کے دو روز بعد دی گئی۔ بختاور بھٹو کی 31 جنوری 2021 کو محمود چوہدری کے ساتھ شادی ہوئی تھی اور انکے ہاں اکتوبر 2021 میں پہلے بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی۔ اب شادی کے دو سال بعد اکتوبر میں ایک بار پھر بختاور بھٹو زرداری ماں بن گئی ہیں اور اس بار بھی ان کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے، بختاور نے انسٹا گرام پر بیٹے کی ولادت پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے خدا کے شکرانے ادا کیے اور مداحوں کو اپنے ہاں بیٹے کی پیدائش کی خبر سنائی۔
بختاور بھٹو نے بتایا کہ ان کے ہاں دوسرے بچے کی پیدائش 5 اکتوبر کو ہوئی، یاد رہے کہ بختاور شادی کے بعد متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی منتقل ہو گئی تھیں اور پہلے بچے کو بھی دبئی میں جنم دیا تھا، بختاور کے پہلے بیٹے کا نام ان کے مرحوم دادا ’حاکم علی زرداری‘ اور ماموں ’میر مرتضیٰ بھٹو‘ کی نسبت سے ’میر حاکم محمود چوہدری رکھا گیا تھا۔
واضح رہے کہ محمود چودھری کے خاندان کا تعلق اندرون لاہور سے ہے اور وہ پنجابی ہیں۔ محمود اپنے بہن، بھائیوں میں سب سے بڑے ہیں، وہ یونس چودھری اور بیگم ثریا چودھری کے صاحبزادے ہیں اور انکی اپنی پیدائش 28 جولائی 1988 کو ابوظہبی میں ہوئی تھی، ان کا پوار نام محمود یونس چودھری ہے، ان کے والد یونس چودھری دبئی کے بڑے بزنس ٹائیکون ہیں اور لاہور سے تعلق رکھتے ہیں، 1973 میں یونس چودھری لاہور سے دبئی منتقل ہوگئے تھے۔
