برطانوی وزیر صحت ویکسین لگوانے کے باوجود کرونا کا شکار

لندن: برطانوی وزیر صحت ساجد جاوید ویکسین کی دو خوراکیں لگوانے کے باوجود کرونا میں مبتلا ہو گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق برطانوی وزیر صحت ساجد جاوید نے گزشتہ روز اپنا کرونا ٹیسٹ کروایا تھا جو مثبت آ گیا۔
ساجد جاوید کا کہنا ہے کہ بیماری کی علامات ظاہر ہوئی تھیں جس کے بعد کرونا ٹیسٹ کروایا۔ رپورٹ مثبت آنے کے بعد خود کو قرنطینہ کر لیا ہے اور گھر سے ہی اپنی خدمات سرانجام دوں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ کرونا ویکسین لگوانے کے باعث ان میں کرونا کی انتہائی معمولی علامات ہیں تاہم امید ہے وہ جلد ٹھیک ہو جائیں گے۔
برطانوی وزیر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے کرونا نتائج مثبت آنے کی اطلاع دی اور لوگوں سے اپیل کی کہ وہ کرونا کی ویکسین لازمی لگوائی تاکہ اس بیماری سے بچا جا سکے۔
برطانوی وزیر صحت ساجد جاوید جمعہ کو برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن سے ملے تھے۔
ساجد جاوید نے کورونا کی پہلی ویکسین 17 مارچ اور دوسری ویکسین 16 مئی کو لگوائی تھی۔
