برطرف میجر جنرل کی اپیل پر 30 روز میں فیصلے کا حکم


لاہور ہائیکورٹ کے راولپنڈی بینچ نے وفاقی حکومت کو ایک برطرف کیے گئے میجر جنرل کی اپیل پر 30 دن کے اندر فیصلہ کرنے کی ہدایت کی ہے. برطرف فوجی افسر نے اپنی درخواست میں لیفٹننٹ جنرل کے اہم ترین عہدے پر ترقی کے موجودہ طریقہ کار کو ناقص قرار دیا تھا اور اسے ٹھیک کرنے کی استدعا کی تھی۔
جسٹس صداقت علی خان اور جسٹس سہیل ناصر پر مشتمل لاہور ہائی کورٹ کے ڈویژن بینچ نے سابق میجر جنرل منظور احمد کی برطرفی کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل تسلیم کرتے ہوئے سیکریٹری دفاع، ایڈجوٹینٹ جنرل، ملٹری سیکریٹری اور انسپکٹر جنرل آرمز کو نوٹسز جاری کردیے۔مزید سماعت رجسٹرار آفس کی جانب سے تاریخ مقرر کیے جانے تک کے لیے ملتوی کردی گئی ہے۔ اس سے پہلے لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عاصم حفیظ نے یکم جولائی 2021 کو میجر جنرل منظور احمد کی درخواست کو آئین کے آرٹیکل 199 (3) کا حوالہ دیتے ہوئے مسترد کردیا تھا جس میں کہا گیا ہے کہ ’اس شخص سے متعلق کوئی حکم نہیں دیا جائے گا جو مسلح افواج کا رکن ہے۔ اسی فوجی افسر نے پہلے اسلام آباد ہائی کورٹ میں بھی سینئر فوجی عہدیداروں کے خلاف ایک درخواست دائر کی تھی جو علاقائی دائرہ اختیار میں نہ ہونے کی وجہ سے سنی نہیں گئی تھی۔
یاد رہے کہ میجر جنرل منظور احمد کو 9 مارچ 2021 کو ملازمت سے برخاست کردیا گیا تھا۔ایڈووکیٹ عابد ساقی نے لاہور ہائی کورٹ بینچ کے سامنے منظور احمد کی نمائندگی کی۔ اپیل کے مطابق منظور احمد کو قبل از وقت ریٹائرمنٹ پر بھیجا جارہا تھا تاہم انہوں نے وفاقی حکومت کو اپیل کی تو انہیں برخاست کر دیا گیا تھا۔ انہوں نے اپنی اپیل میں تھری اسٹار جنرل کی حیثیت سے ترقی کے معیار پر اعتراض کیا تھا اور چند تدبیری اقدامات تجویز کیے تھے۔منظور احمد نے فوج میں میجر جنرل کے عہدے سے لے کر لیفٹیننٹ جنرل تک ترقیاتی نظام میں کچھ اہم کوتاہیوں کو اجاگر کیا تھا۔ میجر جنرل کا موقف تھا کہ ان کی تجاویز پر غور کرنے کے بجائے سینئر فوجی افسران نے غصے میں آ کر ان کو ملازمت سے غیر قانونی طور پر برخاست کرنے کا حکم دے دیا۔
متاثرہ فوجی افسر کے وکیل عابد ساقی کے مطابق جواب دہندگان، سیکریٹری دفاع، ایڈجوٹینٹ جنرل اور ملٹری سیکریٹری نے متاثرہ فوجی افسر کی درخواست پاک فوج کی اعلی کمانڈ کو بھیجنے کی بجائے روک لیا جسکا فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے۔انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ وفاقی حکومت کو فوجی افسر کی اپیل نمٹانے کی ہدایت کی جائے۔ چنانچہ لاہور ہائیکورٹ کے راولپنڈی بینچ نے 27 جولائی کو
وفاقی حکومت کو یہ ہدایت جاری کر دی ہے کہ وہ 30 روز میں میجر جنرل منظور احمد کی اپیل نمٹانے کر عدالت کو آگاہ کرے۔

Back to top button