بشریٰ بی بی کی لیکڈ آڈیو کیخلاف درخواست کل سماعت کیلئے مقرر

اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی اور ارسلان خالد کی لیکڈ آڈیو کلپ کی تحقیقات کیلئے دائر درخواست کو سماعت کیلئے مقرر کر دیا ہے، جس پر قائم مقام چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق پیر کے روز کیس سماعت کریں گے۔

اسلام آباد کی عدالت عالیہ میں دائر درخواست میں وزارت داخلہ، وزارت اطلاعات، چیئرمین پیمرا اور پی آئی ڈی سمیت ایف آئی اے، انٹیلی جنس بیورو اور اسٹیٹ بینک کو بھی فریق بنا یا گیا ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیاہے کہ ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ آڈیو لیک کی فارنزک تحقیقات کرے، بشریٰ بی بی اور ارسلان خالد کو بھی عدالت میں بلا کر آڈیو سے متعلق پوچھا جائے۔

دائردرخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ آڈیو درست ثابت ہونے کی صورت میں بشریٰ بی بی اور ارسلان خالد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

یاد رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ایک مبینہ آڈیو لیک ہوئی تھی جس میں وہ عمران خان کے فوکل پرسن برائے ڈیجیٹل میڈیا ارسلان خالد کو مخالفین کے خلاف بیانیہ بنانے اور انہیں غدار ثابت کرنے کی مہم چلانے کی ہدایات دے رہی تھیں۔

Back to top button