بشری کی سہیلی فرح خان کا رنگ روڈ سکینڈل بھی بے نقاب

سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی درینہ دوست اور انکی فرنٹ پرسن کہلانے والی فرحت شہزادی عرف فرح خان کا ایک اور بڑا کرپشن سکینڈل بے نقاب ہو گیا ہے۔ فرح نے راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے کا اعلان ہونے سے صرف ایک ہفتہ پہلے رنگ روڈ کے سنگم پر کروڑوں روپے کی زمین خریدی کیونکہ رنگ روڈ منصوبے کی وجہ سے اس زمین نے قیمتی ہو جانا تھا۔ دستاویزات کے مطابق فرح خان نے راولپنڈی رنگ روڈ کے سنگم پر 200 کنال کا رقبہ چکری اور روات انٹرچینج پر خریدا۔ یہ 200 کنال زمین اسلام آباد کے رہائشی شاہد محمود سے محض دو کروڑ ساٹھ لاکھ روپے میں خریدی گئی تھی۔ تاہم رنگ روڈ کا بڑا سکینڈل سامنے آنے کے بعد فرح خان گوگی نے اس زمین کو ایک ارب روپے سے زائد قیمت پر فروخت کر دیا تھا۔
یاد رہے کہ خیال رہے کہ تحریک انصاف کی حکومت کے دوران سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی انہتائی قریبی دوست فرح خان اور اہلِ خانہ کے اثاثوں میں چار گنا اضافہ ہوا۔ ان کے اثاثوں میں جو غیر معمولی اضافہ ہوا وہ فرح خان اور ان کے شوہر احسن جمیل گجر کے اعلانیہ ذرائع آمدن سے مطابقت نہیں رکھتا تھا۔ اسکے علاوہ فرح اور ان کے شوہر نے کالے دھن کو سفید کرنے کی وزیراعظم کی اسکیم سے بھی استفادہ کیا۔ فرح خان نے 2019ء میں ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کے تحت 32؍ کروڑ 87؍ لاکھ روپے ظاہر کئے جبکہ احسن اقبال جمیل نے اسکیم کے تحت دو کروڑ روپے کا دھن سفید کیا۔ عمران خان کے دور حکومت میں کالادھن سفید کرنے کی اسکیم سے فرح خان، انکے شوہر احسن گجر، اور انکے سسر، بہن اور بہنوئی نے بھی فائدہ اٹھایا۔عمران حکومت کے دوران سابق خاتون اول کی دوست فرح خان کی دولت 23 کروڑ سے بڑھ کر 97 کروڑ روپے ہوگئی، اس کے علاوہ خاندان کے باقی افراد کی دولت بھی بڑھتی رہی، ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کے خاندان کے تمام افراد کی دولت ان کے ذرائع آمدنی سے بہت زیادہ ہے۔ اس کے علاوہ لندن میں فرح خان کی ایک ملکیتی کمپنی بھی نکل آئی ہے جو تعمیراتی کام کرتی ہے۔
