بغاوت کے مقدمے میں گلالئی اسمٰعیل کے والد کی ضمانت مسترد

انسداد دہشت گردی عدالت نے بغاوت اور دہشت گردی کےلیے مالی معاونت کے الزام پر محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کی جانب سے درج کیے گئے ایک مقدمے میں سماجی کارکن گلالئی اسمٰعیل کے والد پروفیسر محمد اسمٰعیل کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست مسترد کردی۔
تاہم عدالت نے مقدمے میں نامزد گلالئی اسمٰعیل کی والدہ ازلفت اسمٰعیل کی اسی طرح کی درخواست کو منظور کرلیا۔ ضمانت مسترد ہونے کے بعد سی ٹی ڈی نے پروفیسر محمد اسمٰعیل جو خود بھی ایک سماجی کارکن اور پاکستان این جی اوز فورم کے رکن ہیں انہیں گرفتار کرلیا۔ انہیں آج (بدھ) کو عدالت کے سامنے جسمانی ریمانڈ کے حصول کےلیے پیش کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس جولائی میں اے ٹی سی نے مذکورہ کیس میں ثبوت کی عدم دستیابی پر عبوری چالان کی بنیاد پر گلالئی اسمٰعیل اور ان کے والدین پر فرد جرم عائد کرنے سے انکار کردیا تھا۔ عدالت کی جانب سے یہ قرار دیا گیا تھا کہ استغاثہ کی جانب سے کوئی ثبوت پیش نہیں کیے گئے لہٰذا ملزمان کے خلاف الزام عائد نہیں کیا جاسکتا اور انہیں ضابطہ فوجداری کے تحت خارج کردیا گیا تھا۔ بعد ازاں سی ٹی ڈی نے مکمل چالان جمع کراتے ہوئے مزید دستاویزات پیش کی تھی اور دعویٰ کیا تھا کہ ملزمان نے دہشت گردوں کو ہتھاریوں سمیت ایک کار فراہم کی جو 2013 میں پشاور کے آل سینٹس چرچ اور 2015 میں حیات آباد کی اسلامیہ مسجد پر حملوں میں ملوث تھے۔ علاوہ ازیں عدالت نے 30 ستمبر 2020 کو بغاوت، ریاست کے خلاف جنگ چھیڑنے، تمام سینٹس چرچ اور امامیہ مسجد پر حملوں میں سہولت فراہم کرنے سمیت مختلف الزامات پر دو درخواست گزاروں پر فرد جرم عائد کی تھی، تاہم ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا تھا۔ سی ٹی ڈی نے دعویٰ کیا کہ اس سے قبل دو ملزمان کی ضمانت منظور کی گئی تھی لیکن ’مزید ثبوت‘ کی بنیاد پر یہ اجازت دینی چاہیے کہ مزید تفتیش کےلیے انہیں حراست میں لیں۔
واضح رہے کہ ابتدائی طور پر سی ٹی ڈی نے 6 جولائی 2019 کو انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ 11 این کے تحت مقدمہ درج کیا تھا جس میں گلالئی اسمٰعیل اور ان کے والدین پر پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کا ہمدرد ہونے کا الزام عائد کیا گیا تھا، اسی دوران تعزیرات پاکستان اور انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دیگر دفعات کو بھی ایف آئی آر میں شامل کیا گیا تھا۔
شکایت کنندہ سی ٹی ڈی انسپکٹر محمد الیاس نے الزام لگایا تھا کہ گلالئی اسمٰعیل ایک تنظیم ’آویئر گلز‘ کی چیئرپرسن ہیں اور وہ اس کے تحت وہ دہشتگرد تنظیموں کی مالی معاونت کے علاوہ ریاست مخالف عناصر کےلیے کام کر رہیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ گلالئی اسمٰعیل نے دہشت گردی کی مالی معاونت کےلیے اپنے والدین کے نام پر بینک اکاؤنٹس کھولا۔ ادھر درخواست گزاروں کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ ان کے مؤکلوں کو ’انتقام‘ کےلیے ایک جعلی کیس میں پھنسایا جارہا، ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ان دونوں درخواست گزار بزرگ ہیں اور مختلف بیماریوں کا شکار ہیں۔ وکیل کا کہنا تھا کہ ان کے مؤکلین اس کیس میں بری ہوگئے تھے لہٰذا سی ٹی ڈی بعد میں مزید انتقام کےلیے جعلی ثبوت لے کر آیا۔
خیال رہے کہ مئی 2019 میں گلالئی اسمٰعیل اس وقت روپوش ہوگئی تھیں جب اسلام آباد میں ایک کم سن بچی کے قتل اور جنسی استحصال کے خلاف مظاہرے کے دوران مبینہ طور پر ریاستی اداروں کی تضحیک کرنے اور تقریر کے ذریعے تشدد پر اکسانے پر ان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا، بعد ازاں وہ ستمبر 2019 میں امریکا میں منظر عام پر آئی تھیں۔
