بلاول بھٹو کی ایمل ولی خان کو قتل کی دھمکیوں کی مذمت

عوامی نیشنل پارٹی خیبر پختونخوا کے صدر ایمل ولی خان کو قتل کی دھمکیاں ملنے کا انکشاف ہوا ہے، اور وزیر خارجہ و پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے دھمکیوں کی مذمت کرتے ہوئے انہیں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

رہنما اے این پی ثمر بلور کا کہنا ہے کہ ایمل ولی کو فون پر دھمکی آمیز کال موصول ہوئی ہے۔ ہمارا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے، ایمل ولی خان ولی باغ کے سیاسی وارث ہیں، انکو ذرہ برابر بھی نقصان پہنچایا گیا تو ہم سے گلہ نہ کریں۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین و زیر خارجہ  بلاول بھٹو زرداری نے ایمل ولی خان کو دھمکیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

ایک  بیان میں وزیر خارجہ کہا کہ اے این پی کے رہنما کو دھمکی آمیز ٹیلی فونک کالز دہشت گردی ہے اور دہشت گردوں کو کسی بھی جمہوری سیاسی رہنما، کارکن یا عام آدمی کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہناتھا حکومت سمیت پوری قوم دہشت گردی کے خلاف اپنے دوٹوک مؤقف کے حوالے سے ایک پیج پر ہیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ وہ اس معاملے میں ملوث ملزمان کو قانون کی گرفت لائیں اور ایمل ولی خان کی سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے۔

Back to top button