بلوچستان: فورسز پر دہشتگردوں کا حملہ، ایک جوان شہید، 3 زخمی

بلوچستان کے شہر تربت میں سیکیورٹی فورسز پر دہشت گردوں نے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں ایک جوان شہید اور تین زخمی ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بلوچستان کے شہر تربت میں دہشتگردوں نے سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں سےفائرنگ کے تبادلے میں لانس نائیک جاوید کریم شہید اورسیکیورٹی فورسز کے 3 اہلکار زخمی ہوگئے۔حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقےکامحاصرہ کرلیا اور دہشت گردوں کی تلاش جاری ہے،آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کا واقعہ تربت سے 35 کلومیٹر دور پیداراک میں پیش آیا۔
واضح رہے کہ بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں ایک بار پھر اضافہ دیکھا جارہا ہے۔21 جولائی کو بلوچستان کے شہر تربت کے بازار میں دھماکے کے نتیجے میں ایک فرد جاں بحق جبکہ 7 افراد زخمی ہوگئے تھے۔دھماکے سے نہ صرف قریبی گاڑیوں کو نقصان پہنچا بلکہ کچھ دکانوں میں آگ بھی لگ گئی۔
پولیس کے مطابق شرپسندوں نے ایک موٹر سائیکل میں امپرووائزڈ ایکسپلوزو ڈیوائس (آئی ای ڈی) نصب کی تھی جیسے انہوں نے تربت میں دکانوں کے باہر کھڑا کرکے دھماکے سے اڑا دیا۔قبل ازیں 14 جولائی کو پنجگور میں دہشت گردوں کی جانب سے سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کے نتیجے میں 3 جوان شہید اور 8 زخمی ہوئے تھے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کی جانب سے سیکیورٹی فورسز کی پیٹرولنگ پارٹی پر وادی گیچَک کے قریب فائرنگ کی گئی۔
