بلوچستان کی پہلی وی لاگر خاتون کو بھی ہراسگی کا سامنا

بلوچستان سے تعلق رکھنے والی خاتون وی لاگر انیتا جلیل بلوچ کو ہراساں کرنیوالے دو لڑکوں کیخلاف مقدمہ درج ہونے کے بعد تاحال کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی۔

تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر سے پہلی ولاگر کا اعزاز رکھنے والی خاتون انیتا جلیل بلوچ نے اپنےٹوئٹر پر ایک پیغام میں ہراسانی کے خلاف آواز اٹھا ئی جس کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دونوں لڑکوں کیخلاف ایف آئی آر درج کرتے ہوئے کارروائی کا آغاز کیا ۔
چند روز قبل سوشل میڈیا پر یہ خبریں بھی سامنے آئیں کہ انیتا بلوچ نے خود کشی کی کوشش کی ہے۔جس کے بعد انیتا کی طرف سے ایک ویڈیو بھی جاری کی گئی تھی جس میں وہ زخمی حالت میں لوگوں سے اپنی صحت یابی کی دعا کی درخواست کر رہی تھیں،ویڈیو میں انیتا کا کہنا تھا کہ وہ بہت نالاں ہیں کیونکہ ان کے ساتھ دو تین روز قبل ان کے گھر پر جو کچھ ہوا وہ ان کے لیے ناقابل برداشت تھا اور اسی لئے انہوں نے اپنی زندگی ختم کرنے کی کوشش کی اور اب بیمار ہیں۔
ویڈیو میں انیتا کا موقف تھا کہ انہوں نے پہلے دیگر بلوچ لڑکیوں کی حوصلہ افزائی کرنے کی کوشش کہ وہ بلوچی فلموں اور تھیٹر میں کام کریں لیکن اب ان کی رائے مختلف ہے کیونکہ خواتین کی عزت کا خیال نہیں رکھا جاتا ہے۔
دوسری طرف گوادر پولیس کے مطابق انیتا یا ان کا کوئی مرد رشتہ دار خود یہ مقدمہ درج کرانے کے لیے پولیس سٹیشن میں نہیں آیا اور نہ ہی انہوں نے پولیس سے رابطہ کیا بلکہ پولیس کے اعلیٰ حکام نے خود نوٹس لیا تھا اور کارروائی کی ہدایت کی۔پولیس افسر نے بتایا کہ اہلکار انیتا کے گھر گئے اور اس سلسلے میں معلومات حاصل کر کے مقدمہ درج کیا۔
انیتا جلیل نے پولیس اہلکاروں کو بتایا ہے کہ وہ گھر پر اپنے چچا عبد الحق عرف اقل اور عبد الجبار کے ساتھ موجود تھیں۔ان کے مطابق 8 دسمبر کو رات ساڑھے سات بجے تین افراد گھر میں آئے جن میں بلوچ حسین، ان کی اہلیہ اور سرفراز احمد شامل تھے۔ ایف آئی آر کے مطابق گھر آنے والے مرد نشے میں تھے اور گھر میں داخل ہوتے ہی ان کے خلاف قابل اعتراض الفاظ استعمال کرنے لگے۔ان کا کہنا تھا کہ گھر میں موجود ان کے چچا عبد الحق اور عبد الجبار نے تینوں کو گھر سے نکال دیا۔ انہوں نے پولیس کو بتایا ہے کہ ان افراد نے ان کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کرنے کے علاوہ انہیں ہراساں کیا ۔پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے لیکن تاحال ان میں سے کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

انیتا جلیلواضح رہے کہ انیتا جلیل بلوچی تھیٹراور فلم میں بھی کام کرتی رہی ہیں لیکن ان کو سب سے زیادہ شہرت ولاگنگ سے ملی۔اپنے ولاگز کے ذریعے سیاحوں کی رہنمائی کے ساتھ ساتھ خوبصورت جگہیں بھی متعارف کروانے والی انیتا جلیل کو نہ صرف گوادر بلکہ مکران کی پہلی خاتون ولاگر کہا جاتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button