بلوچستان کے ضلع ہرنائی و گردو نواح میں آفٹرشاکس جاری

بلوچستان میں آنے والے زلزلے کو تین روز گزرنے کے باوجود ضلع ہرنائی اور گرد و نواح میں آفٹر شاکس آنے کا سلسلہ ابھی بھی جاری ہے۔
آفٹر شاکس کے خوف کی وجہ سے ضلع بھر کے سرکاری و نجی تعلیمی ادارے مزید 2 ہفتے کے لیے بند کر دیئے گئے ہیں جبکہ زلزلے کے 3 روز گزر جانے کے باوجود متعدد متاثرین اب بھی حکومتی امداد کی آس لگائے بیٹھے ہیں۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے زلزلہ متاثرین کے لیے 12000 روپے فی خاندان کا اعلان کیا ہے تاہم وزیراعظم کی اعلان کردہ فی گھرانہ 12 ہزار روپے کی امداد اگلے 10 روز میں جاری ہو گی۔ نقصانات کے جائزے کے بعد اضافی امداد بھی جلد جاری کی جائے گی۔
یاد رہے کہ ہرونائی میں زلزلہ متاثرین میں امدادی اشیاء کی تقسیم کے حوالے سے کام جاری ہے ، متاثرہ علاقوں غریب آباد، جلال آباد ، کلی شور، کلی وزیر، اسلام آباد اور اس سے ملحقہ علاقوں میں زلزلے سے متاثرہ ا فراد میں امدادی اشیاء، ٹینٹ، کمبل اور مچھر دانیوں کی فراہمی کر دی گئی ہے۔
