بنگلہ دیش: سابق وزیراعظم شیخ حسینہ کو انسانیت کے خلاف جرائم میں سزائے موت کا حکم

بنگلہ دیش کے انٹرنیشنل کرائمز ٹربیونل نے سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کو انسانیت کے خلاف جرائم کا مرتکب قرار دیتے ہوئے سزائے موت کا حکم سنا دیا۔
جسٹس محمد غلام مرتضیٰ کی سربراہی میں تین رکنی ٹربیونل نے سابق وزیراعظم کے خلاف دائر مقدمات کا فیصلہ سناتے ہوئے انہیں انسانیت کے خلاف جرائم کا مجرم قرار دیا۔
ٹربیونل نے شیخ حسینہ واجد کے خلاف مقدمات کا 453 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کیا اور انہیں سزائے موت سنائی۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق، سابق وزیراعظم پر انسانیت کے خلاف جرائم کا مقدمہ درج تھا، جس میں استغاثہ نے سزائے موت کی درخواست کی تھی۔
عدالتی فیصلے کے وقت ملک میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
شیخ حسینہ واجد پر 2024 میں طلبہ تحریک کے خلاف کریک ڈاؤن کے احکامات دینے اور وسیع پیمانے پر ہلاکتوں کا الزام تھا۔ اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق، 2024 کے مظاہروں کے دوران تقریباً 1400 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
